مکہ مکرمہ : ہلال الاحمر کی 32 ہزار امدادی کارروائیاں
امدادی یونٹس نے 18 ہزار سے زائد افراد کوہسپتال منتقل کیا (فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی ہلال الاحمرکی ٹیموں نے گزشتہ ماہ کے دوران مکہ مکرمہ میں 32 ہزارسے زائد امدادی کارروائیاں کیں۔ مریضوں کے علاوہ حادثات میں زخمی ہونے والوں کوفوری طبی امداد مہیا کی گئی۔
سبق نیوز کے مطابق ہلال الاحمر کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طبی امداد کےلیے مخصوص ٹول فری نمبر997 مخصوص ہے علاوہ ازیں ایپلی کیشن ’اسعفنی ‘ کے ذریعے بھی امداد طلب کرنے کی سہولت موجود ہے۔
ہلال الاحمر کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ 18 ہزار 150 افراد کوہلال الاحمر کی ٹیموں کے ذریعے طبی اداروں تک پہنچایا گیا۔
ہلال الاحمر کے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن میں مجموعی طورپر32 ہزار 532 افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی۔