مسجد نبوی الشریف میں 500 رضاکاروں کی خدمات فراہم کی گئی ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
مدینہ منورہ ہلال الاحمر اتھارٹی کے ریجنل ڈائریکٹر احمد الزھرانی کا کہنا ہے کہ طبی امداد اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے اضافی یونٹس مختلف مقامات پرتعینات کر دیے گئے ہیں۔
عاجل نیوز کے مطابق ریجنل ہلال الاحمر کے ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ مدینہ منورہ شہر میں ہلال الاحمر کے 15 فوری طبی امدادی سینٹرز میں اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ شہر کے مزید 5 علاقوں میں سیزنل مراکز بھی قائم کردیے گئے ہیں۔
الزھرانی نے مزید کہا کہ ہلال الاحمر کے 40 ہنگامی یونٹس جنہیں ہرقسم کی فوری طبی امداد کے لیے درکارآلات و اہم ادویات فراہم کی گئی ہیں کو بھی تیار کردیا گیا ہے جو کسی بھی ہنگامی حالت میں فوری طورپرمطلوبہ مقام پر پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
طبی یونٹ میں شامل عملے کی تعداد کے حوالے سے الزھرانی کا کہنا تھا کہ ٹیم میں 200 اہلکار ہیں جن میں فوری طبی امداد فراہم کرنےوالے 26 اسپیشلسٹ بھی شامل ہیں۔
مسجد نبوی الشریف کے مرکزی علاقے میں اضافی یونٹس کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ مسجد نبوی الشریف کے اندر مخصوص یونٹس کو بھی تمام درکار آلات و ادویات فراہم کر دی گئی ہیں۔
مسجد نبوی الشریف میں 500 رضاکاروں کی خدمات بھی فراہم کی گئی ہیں جبکہ متاثرین کو فوری طبی خدمات فراہم کرنے کے بعد انہیں منتقل کرنے کےلیے سٹریچر بھی فراہم کیے گئے ہیں۔