Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنا ہے آپ کی ڈیل ہو گئی ہے؟ عمران خان کا منہ پر انگلی رکھ کر خاموش رہنے کا اشارہ

اسلام آباد ہائی کورٹ سے مختلف مقدمات میں ضمانت ملنے کے بعد عمران خان کو ابھی تک عدالتی حکم نامہ نہیں مل سکا ہے۔
جمعے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنے وکلا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’خدا کے واسطے آرڈر منگواؤ صبح سے بیٹھ بیٹھ تھک گیا ہوں۔‘
قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقعے پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ’گرفتاری کے دوران نیب کا رویہ ٹھیک تھا، اسلام آباد پولیس کا رویہ مایوس کن تھا۔
صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ’میری گرفتاری کا ردعمل آئے گا۔
جب اُن سے پوچھا گیا کہ اگر دوبارہ گرفتار کیا گیا تو مزاحمت نہیں کریں گے؟ تو عمران خان کا کہنا تھا کہ ’گرفتاری کے وقت مزاحمت نہیں کروں گا، میں ملک کا نقصان نہیں چاہتا۔
بعدازاں کمرہ عدالت میں بھی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے یہ بات دہرائی کہ ’مجھے پھر سے گرفتار کر لیا جائے گا۔‘
جب اُن سے سوال کیا گیا کہ کیا بشریٰ بی بی سے رابطہ ہوا تو انہوں نے جواب دیا کہ ’نیب کے سرکاری فون سے کال کی لیکن بات نہیں ہو سکی۔‘
اس موقعے پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ ’سنا ہے آپ کی ڈیل ہو گئی ہے؟‘ اس پر عمران خان خاموش رہے۔
اسٹیبلشمنٹ سے رابطے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے منہ پر انگلی رکھ کر خاموش رہنے کا اشارہ دیا۔
انہوں نے اپنے وکیل حامد خان سے کہا کہ ’پنجاب پولیس مجھے گرفتار کرنے باہر کھڑی ہے۔ میں آپ کو تمام صورتحال سے آگاہ کر رہا ہوں۔ اگر دوبارہ گرفتار کیا گیا تو پھر وہی ردعمل آئے گا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے کمرہ عدالت میں موجود افراد سے کہا کہ ’تمام لوگ ڈسپلن کا خیال رکھیں۔ پہلے یہاں ایک پلانٹڈ شخص کی وجہ سے ہمیں بہت نقصان ہوا۔
ایڈووکیٹ جنرل نے پلانٹڈ شخص کہنے پر اعتراض کیا کہ ’آپ کس طرح کہہ سکتے ہیں کہ وہ پلانٹڈ شخص تھا؟
جس پر انہوں نے یہ کہتے ہوئے معذرت کر لی کہ ’ہم آپ کو تو پلانٹڈ کہہ ہی نہیں رہے۔‘

شیئر: