Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطری فرم سے معاہدہ، ہزاروں سعودیوں کو ایونٹ مینجمنٹ کی تربیت دی جائے گی

معاہدہ سعودی عرب میں سپورٹس کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا( فوٹو: عرب نیوز)
فیفا ورلڈ کپ میں کلیدی کردار ادا کرنے والی فرموں میں سے ایک کے ذریعے ہزاروں سعودیوں کو ایونٹ مینجمنٹ اور حفاظتی پروٹوکول کی تربیت دی جائے گی۔
عرب نیوز کے مطابق قطرمیں قائم سٹیڈیم ایل ایل سی نے نئی اکیڈمی میں سروس فراہم کرنے کے لیے سعودی ایکسیلنس کمپنی کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر اتفاق کیا ہے۔
یہ معاہدہ اس وقت سامنے آیا ہے جب مملکت معیشت کو متنوع بنانے اور تیل کی آمدنی پر انحصار کو کم کرنے کے وژن 2030 اینیشیٹیو کے حصے کے طور پر اپنے تفریحی اور لائیو ایونٹس کے شعبے کو فروغ دینا چاہتی ہے۔
سٹیڈیم ایل ایل سی نے قطر میں 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں تقریباً  آٹھ ہزار 500  آپریٹو کو تربیت فراہم کی جس سے ٹورنامنٹ کے دوران آٹھ مقامات پر مجموعی طور پر 3.4 ملین شائقین کو محفوظ رکھنے میں مدد ملی۔
سٹیڈیم کے مالک اور بانی ڈیوڈ میکاٹمنی نے کہا کہ ’ یہ واقعی ایک دلچسپ معاہدہ ہے جو سعودی عرب میں سپورٹس کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ سعودی عرب کی آبادی 35 ملین سے زیادہ ہے اور ان میں دو تہائی سے زیادہ کی عمریں 35 سال سے کم ہیں۔ ملک میں سکیورٹی اور ایونٹس مینجمنٹ کی صنعت کی وسعت اورملازمتوں کے مواقع  پیدا کرنا اس کی سپورٹس کی صلاحیت کو کھولنے کی کلید ہے‘۔
سعودی ایکسی لینس کمپنی الرمیز انٹرنیشنل گروپ کا حصہ ہے اور یہ خطے کی سرکردہ سکیورٹی اور دفاعی کمپنیوں میں سے ایک ہے جو شیخ عبداللہ زید الملیحی کی قیادت میں سعودی حکومت کو خدمات فراہم کرتی ہے۔
یہ شراکت داری ورلڈ کپ میں سٹیڈیم کے کلیدی کردار کے نتیجے میں قائم ہوئی جہاں اس نے قطر میں ہزاروں کارکنوں کو حفاظتی تربیت فراہم کی۔
معاہدے پر بات کرتے ہوئے المیحی نے کہا کہ ’ مملکت مقامی اور بین الاقوامی سپورٹس کے مقابلوں کی سپورٹ اور میزبانی میں بے مثال توسیع کا مشاہدہ کر رہی ہے۔ سعودی ایکسی لینس کمپنی ہمارے پارٹنر سٹیڈیم ایل ایل سی کے ساتھ سپورٹس میں سیکورٹی کی مہارت کو بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے‘۔
یہ معاہدہ سعودی عرب میں برطانیہ کے سرکاری تجارتی مشن کے ذریعے ہوا۔ برطانوی تجارت کے وزیر نائیجل ہڈلسٹن نے کہا کہ ’یہ بہت اچھی خبر ہے کہ سٹیڈیم نے سعودی عرب کے ساتھ معاہدہ کیا ہے‘۔

 

شیئر: