Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیڈ لائن ختم، زمان پارک سے کارکن غائب

پنجاب حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کو دی گئی ڈیڈ لائن کا وقت ختم ہو گیا ہے۔ حکومت نے گزشتہ روزالٹی میٹم دیا تھا کہ ’24 گھنٹے کے اندر اندر زمان پارک میں موجود اُن دہشت گردوں کو پولیس کے حوالے کیا جائے جو فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث ہیں۔‘
پنجاب کی نگراں حکومت کے ترجمان عامر میر کی طرف سے ایک پریس کانفرنس میں دی جانے والی ڈیڈ لائن کے بعد پولیس نے گذشتہ روز شام میں زمان پارک کے علاقے کی ناکہ بندی کر دی تھی۔
عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر کینال روڈ پر ٹریفک رات گئے تک معطل رہی تاہم رات کو زمان پارک پر چند درجن کارکنان موجود تھے۔ پولیس نے کئی گھنٹے کے بعد کینال روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔
پولیس کی نفری زمان پارک کے چاروں طرف موجود ہے۔ میڈیا کے علاوہ کسی کو بھی عمران خان کی رہائش گاہ کی طرف جانے کی اجازت نہیں۔ اس وقت صورت حال یہ ہے کہ زمان پارک کے چاروں اطراف سڑکوں پر ہُو کا عالم ہے اور عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر لگے کارکنوں کے کیمپس میں ایک بھی کارکن دکھائی نہیں دے رہا۔
چیئرمین تحریک انصاف کے ذاتی ملازمین، ذاتی سکیورٹی اور ضلعی حکومت کی جانب سے تعینات کیے گئے سکیورٹی اہلکار موجود ہیں۔ گذشتہ شب بھی میڈیا کے نمائندوں کو اندر بلا کر بتایا گیا تھا کہ کوئی بھی غیر متعلقہ شخص موجود نہیں ہے۔
اسی طرح جمعرات کو بھی میڈیا سے وابستہ افراد کو ہی گھر کے اندر تک رسائی دی گئی۔
زمان پارک کے گردوپیش میں ناکہ بندی کے باوجود پولیس کی بہت زیادہ نفری کو تعینات نہیں کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اڑھائی سو پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ عمران خان کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے باوجود ابھی پولیس کی جانب سے کسی طرح کے سرچ آپریشن کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق ’حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی اس پر عمل درآمد کیا جائے گا تاہم ابھی تک کسی بھی طرح کے آپریشن کے کوئی احکامات نہیں دیے گئے۔‘
ترجمان پنجاب حکومت عامر میر کا کہنا ہے کہ ’ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد ابھی صورت حال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ جو بھی فیصلہ ہو گا اس سے میڈیا کا آگاہ کیا جائے گا۔‘

زمان پارک سے فرار ہونے والے آٹھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے: ایس ایس پی

دوسری جانب حکومتی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد ایس پی سول لائن حسن جاوید بھٹی کی ایچسن کالج کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ زمان پارک سے فرار ہونے والے آٹھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
اور لوگ بھی فرار ہونے کی کوشش کرتے ہیں جو پولیس کو دیکھ کر واپس چلے جاتے ہیں۔ ابھی بھی انفارمیشن ہے کہ کچھ لوگ اندر موجود ہیں۔‘
حسن جاوید بھٹی  کا کہنا تھا کہ آپریشن اور دیگر میرے لیول سے اوپر کے فیصلے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پکڑے جانے والے اٹھ مشتبہ افراد سے تفتیش جاری ہے۔ تفتیش مکمل ہونے سے پہلے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

شیئر: