Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرنی چاہیے: صدر علوی

صدر مملکت نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا (فائل فوٹو: سکرین گریب)
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
جمعرات کو جیو نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر علوی کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران انسانی حقوق کا خیال رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہر واقعے کی آزادانہ تحقیقات ضروری ہے تاکہ تمام لوگ مطمئن ہوں۔
صدر مملکت نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔
اس سوال پر کہ آپ بطور سپریم کمانڈر آرمی کے ساتھ ہیں یا پی ٹی آئی کے ساتھ، عارف علوی نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہیں۔
عمران خان کی جانب سے آرمی چیف پر الزامات کے حوالے سے سوال پر صدر عارف علوی نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے دوران عمران خان نے کہا تھا کہ آرمی چیف اس کو بنانا چاہیے جس کا نام ادارہ تجویز کرے۔
ایک سوال کے جواب میں صدر علوی نے کہا کہ عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرنی چاہیے۔
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں صدر علوی نے کہا کہ وہ اب اپنی کوشش کرتے ہیں۔ 
صدر مملکت نے انٹرویو کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے خطے میں کئی دہائیوں سے جاری دشمنی کو ختم کیا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے.

صدر مملکت نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس کا کوئی جواز نہیں تھا (فوٹو: سکرین گریب)

انٹرویو میں صدر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران انسانی حقوق کا خیال رکھنا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں صدر عارف علوی نے کہا کہ آرمی ایکٹ کے تحت سویلین کے ٹرائل کے معاملے کو سیاست دان آپس میں تبادلہ خیال کرکے طے کریں۔عارف علوی نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ’انسانی حقوق کے معاملے پر دنیا پاکستان کو دیکھ رہی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہر واقعے کی آزادانہ تحقیقات ضروری ہے تاکہ تمام لوگ مطمئن ہو۔ (فوٹو: سکرین گریب)

انہوں نے کہا کہ ’جہاں ادارے تباہ ہوتے ہیں وہاں ملک تباہ ہوتا ہے۔ افغانستان میں بھی ادارے تباہ ہوئے جس کے بعد ملک کی تباہی ہوئی۔‘
انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں عارف علوی نے کہا کہ سپریم کورٹ کو ان معاملات پر اتفاق کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔
ایک اور سوال کے جواب میں صدر علوی نے کہا کہ اب تو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن نہیں ہوسکتے اب تو اکٹھے ہی الیکشن ہوں گے۔

شیئر: