Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نِیوم تھرلر سے بھرپور ہالی وُڈ فلم ’رِیور مین‘ کی میزبانی کرنے کو تیار

فلم ریورمین کی کہانی 2001 سے 2008 تک افغان جنگ پر مبنی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کا شہر نیوم تھرلر سے بھرپور ہالی وُڈ فلم ’رِیور مین‘ کی میزبانی کرنے کو تیار ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس بات کا اعلان جمعرات کے روز کیا گیا۔
ایکشن سے بھرپور اس فلم کی ہدایت کاری اکیڈمی ایوارڈ جیتنے والے ہدایت کار اور سکرین رائٹر ٹیری جارج نے کی ہے جبکہ رِیور مین کو لکھا بھی انہوں نے ہی ہے۔
اس فلم کی شوٹنگ مملکت کے مستقبل کے میگا شہر نیوم کے حسین مقامات اور برطانیہ میں کی جائے گی۔
نیوم کے مینجنگ ڈائریکٹر آف میڈیا، کلچر اور انٹرٹینمنٹ وین بورگ نے کہا ہے کہ ’ہم ممتاز لکھاری اور ہدایت کار ٹیری جارج کا نیوم میں ایکشن سے بھرپور اپنی نئی فلم رِیورمین کی شوٹنگ کرنے پر بھرپور استقبال کرتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’پروڈکشن ٹیم اس بات پر پُراعتماد ہے کہ نیوم ہماری ورلڈ کلاس سٹیٹ آف آرٹ کی سہولیات، بڑے عملے، بہترین مقامات کی وسعت اور دنیا بھر کی 40 فیصد پروڈکشن ریٹ کے معاوضے کی حقیقی نمائندگی کرتا ہے۔‘
یہ فلم 2001 سے 2008 تک افغان جنگ کی ڈائریز اور سچے واقعات پر مبنی ہے۔ یہ میکس نامی رائل مَرین کی کہانی بتائے گی جسے جنگ کے پیچھے چھپی کرپٹ قوتیں آزماتی ہیں۔
جارج مزید کہتے ہیں کہ ’رِیورمین ایک مضبوط، شاندار ڈرامائی وار سٹوری ہے۔ میں اس پروجیکٹ کو نیوم میں بنانے پر بہت پرجوش ہوں۔‘
فلم کے لیے کاسٹنگ کو مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ اس کی شوٹنگ جنوری میں شروع کی جائے گی۔

ریورمین کی شوٹنگ نیوم کے حسین مقامات اور برطانیہ میں کی جائے گی (فائل فوٹو: شٹرسٹاک)

حالیہ کچھ برسوں سے نیوم پروڈکشن کا مقام اور مشرق وسطٰی اور شمالی افریقہ کے علاقوں کے لیے صنعتی مرکز بن گیا ہے۔
یہاں رُوپرٹ وائٹ کی ’ڈیزرٹ واریئر‘ شاہ رخ خان کی فلم ’ڈنکی‘ اور خطے کا سب سے زیادہ بجٹ کا ٹی وی شو ’ملین ڈالر آئی لینڈ‘ اور ’رائز آف دی وِچس‘ کی شوٹنگ کی گئی ہے۔
بورگ کہتے ہیں کہ ’یہ پرجُوش وقت ہے کیونکہ ہائی اینڈ ٹی وی اور فلم پروڈکشنز نے  بڑے سٹوڈیوز میں شوٹنگ کے لیے نیوم کا رُخ کیا ہے۔‘
وہ مزید کہتے ہیں کہ ’نیوم رِیورمین جیسی بڑی اور شاندار پروڈکشنز آفر کر رہا ہے، جس سے خطے کے بڑے پروڈکشن ہب کو مزید قوت مل رہی ہے۔‘

شیئر: