Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوم میں ٹی وی سیریل ’جادوگرنیوں کی قیامت‘ کی فلم بندی

سیریل کی کہانی سعودی ناول نگار اسامہ المسلم کے افسانے سے ماخوذ ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
ایم بی سی سٹوڈیوز نے مملکت میں عظیم الشان ٹی وی سیریل ’جادوگرنیوں کی قیامت‘ کی شوٹنگ نیوم میں شروع کردی ہے۔  یہ سعودی عرب کی تاریخ میں اب تک تیار کیا جانے والا سب سے بڑا ٹی وی سیریل ہوگا۔ 
الشرق اخبار کے مطابق سیریل میں سعودی اداکار شامل ہیں۔ اہم کردار سعودی اداکارہ آیدا القصی اور سمیہ رضا  ادا کر رہی ہیں۔ سیریل سال رواں کی آخری سہ ماہی میں پیش کیا جائے گا۔ 
یہ 10 قسطوں پر مشتمل ہوگا۔ اس میں جادوگرنی کا کردارفنکارہ آیدا القصی جبکہ ڈائن کا کردار سمیہ رضا ادا کر رہی ہیں۔ اس ڈرامے کے ہدایت کار آئرلینڈ کے ڈیکلن اودبیر ہیں۔ 
ٹی وی سیریل کی کہانی سعودی ناول نگار اسامہ المسلم کے تخیلاتی افسانے سے ماخوذ ہے۔ سیریل کے واقعات انتہائی قدیم زمانے میں جزیرہ نمائے عرب کے گرد گھومتے ہیں۔ جادوگروں کے دو قبیلوں کے درمیان معرکوں سے متعلق کہانیوں کے تانے بانے بنے گئے ہیں۔

فلم میں جنگی معرکوں کی قیادت دو نہایت طاقتور جادوگرنیاں کر رہی ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

ڈرامے میں جنگی معرکوں کی قیادت دو نہایت طاقتور جادوگرنیاں کر رہی ہیں۔ ان میں سے ہر ایک کی جنگ کا مقصد اپنے تحفظ کے لیے مزید ناقابل تسخیر طاقت کا حصول ہے۔  
سوال یہ ہے کہ کیا یہ جنگ دونوں جادوگرنیوں میں طویل عرصے تک چلتی رہے گی یا دونوں کسی تیسرے فریق سے نمٹنے کے لیے اتحاد کر لیں گی، اس کا جواب سیریل دیکھ کر ہی ملے گا۔ 
’قیامۃ الساحرات‘ (جادوگرنیوں کی قیامت) ٹی وی سیریل  کی سرپرستی نیوم سٹی کی طرف سے کی جا رہی ہے۔ اس کی شوٹنگ سعودی عرب کے تین مقامات پر ہو رہی ہے۔
ان میں سے ہر ایک مقام پرعظیم الشان سٹوڈیو ہے، جسے اسی مقصد کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ ان میں سب سے بڑا سٹوڈیو خارجی مناظر کی عکس بندی کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ مملکت میں اب تک قائم کیے جانے والے سٹوڈیوز میں سب سے بڑا ہے۔

شیئر: