منظوری ریاض میں انٹرنیشنل سکول کھولنے کی پالیسی کے تحت دی گئی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں رائل کمیشن ریاض نے برٹش ریگیٹ گرامر سکول ( آر جی ایس ) کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یہ منظوری سعودی دارالحکومت میں انٹرنیشنل سکول کھولنے کی پالیسی کے تحت دی گئی ہے۔
ریاض رائل کمیشن دارالحکومت میں اعلٰی معیاری تعلیم کے ماحول کی فراہمی کے لیے انٹرنیشنل سکول کھلوانے کے لیے کوشاں ہے۔ یہ کام وزارت تعلیم اور وزارت سرمایہ کاری کی شراکت سے کیا جا رہا ہے۔
رائل کمیشن میں ادارہ فروغ تعلیم کی قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ھلا حلوانی نے کہا ہے کہ ’تعلیم کا شعبہ ریاض میں زندگی کا معیار بہتر بنانے میں کردارادا کرے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اسی تناظر میں رائل کمیشن دارالحکومت میں تعلیمی شعبے کے فروغ پر توجہ دے رہا ہے۔‘
’کوشش ہے کہ انٹرنیشنل سکولوں کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے۔ ریاض کے باشندوں کو معیار زندگی بلند کرنے اور تعلیم کے مواقع میسر ہوں۔‘
ھلا حلوانی نے مزید کہا کہ ’رائل کمیشن ریاض میں کنگز کالج، ایس ای کے انٹرنیشنل سکول، الدنھام، ڈاؤن ہاؤس اور ون ورلڈ انٹرنیشنل سکول کھلوانے کے لیے کوشاں ہے۔‘
یاد رہے کہ برٹش ریگیٹ گرامر سکول ( آر جی ایس ) کی بنیاد 75 16میں رکھی گئی تھی۔ چین، ویتنام اور مراکش میں اس کی شاخیں موجود ہیں۔