Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کی پرواز سے پرندہ ٹکرا گیا، کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

پی آئی اے کے ایئربس 320 طیارے سے پرندہ ٹکرایا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
کراچی سے کوئٹہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز سے ٹیک آف کے دوران پرندہ ٹکرا گیا، تکنیکی خرابی کے باعث طیارہ کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کر گیا ہے۔
ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے مطابق بدھ کو پی آئی اے کے ایئربس 320 طیارے سے پروان بھرتے ہی پرندہ ٹکرا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کر کہ فوری لینڈنگ کی اجازت مانگی اور طیارہ کراچی ایئرپورٹ پر واپس لینڈ کر دیا ہے۔
پائلٹ نے پرندہ ٹکرانے سے تکنیکی خرابی پیدا ہونے کی اطلاع دی اور کوئٹہ جانے والی پرواز کو واپس کراچی ایئر پورٹ پر اتارنے کی اجازت مانگی۔
ترجمان کے مطابق طیارہ حب ڈیم کی حدود سے واپس کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرا گیا، طیارے میں 120 افراد سوار تھے۔
 پی آئی اے انجینیئر اور سول ایوی ایشن کے حکام طیارے کا جائزہ لے رہے ہیں، فنی خرابی دور ہونے کے بعد پرواز کو دوبارہ کوئٹہ روانہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ محفوظ فلائٹ آپریشنز کو یقینی بنانے کے لیے گزشتہ سال لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کا آغاز کیا گیا تھا۔
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا تھا کہ مون سون سے قبل اور مون سون کے موسم میں لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے لہٰذا رن وے پر مزید برڈ شوٹرز تعینات کیے گئے ہیں۔
سول ایوی ایشن کے مطابق پرندوں کو ڈرانے کے لیے پٹاخے چلانے کے علاوہ پریشر ہارن بجائے جاتے ہیں اور آخری حربے کے طور پر گولی بھی مار دی جاتی ہے۔

شیئر: