Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جہازوں سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات، لاہور ایئرپورٹ پر شوٹرز تعینات

ہر آنے اور جانے والی پرواز سے قبل پرندوں کو رن وے سے دور رکھنے کے لیے 3 سے 4 گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں (فوٹو: سی اے اے)
لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے مطابق یہ اقدامات فلائٹ آپریشنز کو محفوظ رکھنے کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں۔
سی اے اے کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق پری مون سون اور مون سون کے موسم میں لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے۔ اس لیے رن وے پر مزید برڈ شوٹرز تعینات کر دیے گئے ہیں۔
’صبح کے وقت 12 برڈ شوٹرز اور 10 دوپہر کی شفٹ میں موجود رہتے ہیں اور رن وے پر گشت کرتے ہیں۔‘
بیان کے مطابق ’پرندوں کو ڈرانے کے لیے پٹاخے چلائے جاتے ہیں اور آخری حربے کے طور پر پرندوں کو گولی بھی مار دی جاتی ہے۔‘
’ہر آنے اور جانے والی پرواز سے قبل پرندوں کو رن وے سے دور رکھنے کے لیے 3 سے 4 گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں اور پریشر ہارنز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔‘

سی اے اے کے مطابق ’آخری حربے کے طور پر پرندوں کو گولی بھی مار دی جاتی ہے‘ (فائل فوٹو: سی اے اے)

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’رن وے اور اس کے اس پاس کیڑے مکوڑوں کی صفائی کے لیے رن وے سویپر کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ پرندوں کی خوراک بننے والے کیڑوں کو ختم کرنے کے لیے کیڑے مار دوا کا سپرے  بھی کیا جا رہا ہے۔‘
’ایئرپورٹ سے ملحقہ علاقوں میں ٹیک آف اور لینڈنگ والے علاقوں میں پمفلٹس تقسیم کیے گئے ہیں تاکہ کچرے کو غلط طریقے سے ٹھکانے لگانے اور صدقہ یا عید قرباں کے گوشت کے حوالے سے پرندوں کی سرگرمیوں کے خطرات کو اجاگر کیا جا سکے۔‘

شیئر: