Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رابطہ عالم اسلامی کی فلورنس میں نئے اسلامک سنٹر کی پیشکش

اٹلی کے شہر فلورنس میں تقریباً 30 ہزار مسلمان آباد ہیں۔ فائل فوٹو ویکیپیڈیا
رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے اٹلی کے  شہر فلورنس میں اسلامی سنٹر کی نئی عمارت خریدنے کے لیے مالی مدد کی پیشکش کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل نے فلورنس میں منعقدہ ایک تقریب میں اطالوی شہر کے میئر ڈیریو نارڈیلا اور مقامی امام مسجد عزالدین الزیر سے ملاقات کی ہے۔

فلورنس ثقافتوں اور عقائد کے درمیان آپسی رابطوں کا شہر ہے۔ فوٹو عرب نیوز

ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے اس تقریب میں کہا ہے کہ اگر فلورنس کی اسلامی کمیونٹی نئی مسجد کے لیے باضابطہ طور پر فنڈز مانگتی ہے تو ہم اس کی مالی مدد کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اٹلی کے  شہر فلورنس میں تقریباً 30 ہزار مسلمان آباد ہیں۔
فلورنس میں قائم اسلامی کمیونٹی سنٹر کی عمارت معاہدہ ختم ہونے کے باعث خالی کرنی پڑ رہی ہے جہاں اسلامی سنٹر میں مسجد بھی موجود ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ مسجد کو موجودہ مقام سے قریب ہی ایک سابقہ ​​بینک کی عمارت میں منتقل کیا جائے گا اور یہ عمارت طویل گفت و شنید کے بعدحاصل کی گئی ہے۔

نئی مسجد کے لیے باضابطہ طور پر مالی مدد کر سکتے ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر

سابق بینک کی اس عمارت کے حصول کے لیے تقریباً 1.29 ملین ڈالر لاگت آئے گی اور عمارت کی تزئین و آرائش کے لیے مزید رقم بھی درکار ہوگی۔
ڈاکٹر محمد العیسیٰ کا کہنا ہے کہ اٹلی کے شہر روم میں قائم کی گئی عظیم مسجد کے بعد فلورنس میں مسجد کے لیے بھی سعودی عرب مالی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
اٹلی کے دارالحکومت میں قائم سب سے بڑی اسلامی عبادت گاہ  اور عظیم الشان مسجد سعودی عرب کے  شاہ فیصلؒ کے عطیہ  سے تعمیر کی گئی تھی۔

اٹلی میں عظیم الشان مسجد شاہ فیصلؒ کے عطیہ سے تعمیر کی گئی تھی۔ فوٹو ٹوئٹر

ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے کہا ہے کہ فلورنس ثقافتوں اور عقائد کے درمیان آپسی رابطوں کا شہر ہے، ہم یہاں اس کی مرضی کے مطابق اسلامی کمیونٹی کی حمایت کریں گے۔
سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی نے مزید کہا کہ اٹلی رواداری اور بقائے باہمی کا ملک ہے، یہاں کے عوام عظیم لوگ ہیں، یہ ایک ایسا ملک ہے جس سے ہماری بہت قربت قائم ہے۔  
 

شیئر: