Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور اٹلی ثقافی شعبے میں تعاون کریں گے، مفاہمتی یادداشت پر دستخط 

معاہدے کے تحت ثقافتی پروگراموں کا تبادلہ بھی عمل میں آئے گا۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان اور اٹلی کے وزیر ثقافت نے دونوں ملکوں کی ثقافتوں کی وزاتوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ملک ثقافت کے شعبوں میں ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کریں گے۔ ثقافتی پروگراموں کا تبادلہ بھی عمل میں آئے گا۔
مفاہمتی یادداشت میں طے کیا گیا ہے کہ آثار قدیمہ کی تلاش، تاریخی ورثے کے تحفظ، اصلاح، تعمیرات، ڈیزائن، تھیٹر، فلمی صنعت، ادب، نشرواشاعت، ترجمہ، لائبریریوں اور پکوان کے فن میں فریقین ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت العلا کے ثقافتی منصوبوں میں تعاون کیا جائے گا(فوٹو: ایس پی اے)

سرکاری اور پرائیویٹ اداروں کو معلومات اور تجربات کے تبادلے کے سلسلے میں آسانیاں فراہم کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اقوام متحدہ کے ماتحت بین الاقوامی معاہدے  کے مطابق مادی اور غیرمادی ورثے کے تحفظ میں تعاون کیا جائے  گا۔ ثقافت کے مختلف شعبوں میں مشترکہ سٹراٹیجک منصوبے شروع کیے جائیں گے۔  
مفاہمتی یادداشت کے تحت العلا کے ثقافتی منصوبوں میں تعاون کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب اور اٹلی نے 1932 میں دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے جو سفر شروع کیا تھا اسی کے  تحت مفاہمتی یادداشت پر دستخط عمل میں آئے ہیں۔ 

شیئر: