برٹش ڈیفنس اکیڈمی کے وفد نے اسلامی فوجی اتحاد کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا
برٹش ڈیفنس اکیڈمی کے وفد نے اسلامی فوجی اتحاد کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا
بدھ 24 مئی 2023 21:28
اسلامی فوجی اتحاد، اس کے تصور اور اہداف سے آگاہ کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشت گردی کے عہدیداروں سے برٹش ڈیفنس اکیڈمی کے ایڈوانسڈ اینڈ کمانڈ اینڈ سٹاف کورس افسران کے ایک وفد نے ریاض میں ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اسلامی فوجی اتحاد کے سیکریٹری جنرل میجر جنرل محمد المغیدی نے برطانوی وفد کا خیر مقدم کیا۔
میجر جنرل محمد المغیدی نے کہا کہ اسلامی فوجی اتحاد میں شامل ممالک کے ساتھ برطانیہ کے گہرے سٹراٹیجک تعلقات ہیں۔
اس موقع پر برطانوی وفد کو انسداد دہشت گردی کے اسلامی فوجی اتحاد، اس کے تصور، اہداف اور اہم اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
برطانوی وفد کو بتایا گیا کہ اسلامی فوجی اتحاد فکری و ابلاغی دہشت گردی، دہشتگردی کی فنڈنگ اور دہشت گردوں کے خلاف عسکری اقدامات کررہا ہے۔
دنیا بھر میں دہشتگردی کے واقعات، دہشت گرد تنظیموں کے تازہ حالات، اسلامی فوجی اتحاد کے اسے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اتحاد کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ہم ایک بنیادی اصول کے مطابق اقدامات کررہے ہیں۔ ہر وہ عمل جس سے تشدد بھڑکتا ہو اس کی سرکوبی کی جاتی ہے۔ انتہا پسندانہ افکار و نظریات اور رجحانات سے نمٹا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’پرتشدد انتہا پسندی کو وہ کسی بھی شکل و صورت میں ہو اس کا تعلق کسی مخصوص مذہب سے ہے اور نہ یہ کوئی جغرافیائی نسبت رکھتا ہے۔ پرتشدد انتہا پسندی متوازن سمجھ کے دائرے سے خارج فکر ہے‘۔
میجر جنرل محمد المغیدی کا کہنا تھا کہ’ اسلامی فوجی اتحاد کے حامی ملک کی حیثیت سے برطانیہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سٹراٹیجک اہمیت کا حامل ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کےلیے ضروری ہے کہ دنیا بھر کے ممالک، تنظیمیں اور سینٹر مشترکہ اور مضبوط طریقہ کار اپنائیں‘۔
دورے کے اختتام پر برطانوی وفد نے اسلامی فوجی اتحاد کا شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں اتحاد کے فکر و عمل کا ساتھ دینے کا عندیہ دیا۔