Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنرل ساحر شمشاد نے اسلامی فوجی اتحاد کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا

دہشت گرد تنظیموں پر نظر رکھنے کے طریقہ کار کے بارے میں بتایا گیا( فوٹو: ایس پی اے)
 اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشتگردی کے قائم مقام سیکریٹری جنرل محمد المغیدی سے پیر کو ریاض میں سینٹر کے ہیڈکوارٹر میں پاکستان کے جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد نے ملاقات کی ہے۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اس موقع پر پاکستان اور اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشت گردی کے درمیان باہمی دلچسپی کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جنرل ساحر شمشاد کو فکری، ابلاغی دہشتگردی کی فنڈنگ اورعسکری شعبوں میں انسداد دہشتگردی کے حوالے سے اسلامی اتحاد کی کوششوں کے بارے میں بتایا گیا۔
جنرل ساحر شمشاد نے اسلامی فوجی اتحاد کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور مختلف رکن مسلم ملکوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔
انہیں دنیا بھر میں دہشت گردی کے واقعات اور دہشت گرد تنظیموں کے حوالے سے تازہ صورتحال اور اسلامی فوجی اتحاد کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں پر نظر رکھنے کے طریقہ کار کے بارے میں بتایا گیا۔ 
جنرل ساحر شمشاد نے دہشتگردی کے انسداد کےلیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ’ سعودی عرب جو  اسلامی فوجی اتحاد کے ہیڈکوارٹرکا میزبان ہے ہر طرح کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے انسداد میں  بھر پور کردار ادا کررہا ہے‘۔
جنرل محمد المغیدی نے کہا کہ’ اسلامی فوجی اتحاد جامع نظام کے تحت رکن ملکوں کے تعاون سے کام کررہا ہے۔ اس کا زوراس بات پر ہے کہ کسی ممبر ملک کے اندرونی امور میں مداخلت نہ ہو‘۔

پاکستان شدت پسندی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کلیدی کردارادا کررہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

’ہر ملک کی خودمختاری اور قانونی نظام کی پابندی کے ساتھ بیان الاقوامی قوانین و روایات کے مطابق دہشتگردی کا انسداد کیا جائے‘۔
hنہوں نے مزید کہاکہ ’پاکستان اسلامی فوجی اتحاد کے بانی ملکوں میں سے ایک ہے اوراس بات پر یقین رکھتا ہے کہ انتہا پسندی، شدت پسندی کو روکنے کے لیے عبرتناک کارروائی کرنا ضروری ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان شدت پسندی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کلیدی کردارادا کررہا ہے۔ پاکستان کا پختہ یقین ہے کہ تشدد اورانتہا پسندی ناقابل برداشت ہے۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ اور انتہا پسندی کے انسداد سے تعلق رکھنے والے مراکز اور تنظیموں کا ممبر بھی ہے‘۔ 

شیئر: