Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی پی ایل کوالیفائر 2: شبھمن گِل کی دھواں دھار بیٹنگ، گجرات ٹائٹنز فائنل میں

یہ رواں ایونٹ میں شبھمن گِل کی تیسری سینچری ہے۔ (فوٹو: آئی پی ایل)
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوسرے کوالیفائر میں دفاعی چیمپیئن گجرات ٹائٹنز نے ممبئی انڈینز کو 62 رنز شکست دے کر لیگ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔
جمعے کو احمد آباد میں ہونے والے میچ میں گجرات ٹائٹنز نے اوپننگ بیٹر شبھمن گِل کی سینچری کی بدولت پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز سکور کیے۔
شبھمن گِل نے 60 گیندوں پر 10 چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 129 رنز بنائے جبکہ سائی سُودرشن نے 43 اور کپتان ہاردک پانڈیا نے 28 رنز بنائے۔
یہ رواں ایونٹ میں 23 سالہ بیٹر کی تیسری سینچری تھی۔
ممبئی انڈینز کی طرف سے پیوش چاؤلہ اور آکاش مدھوال نے ایک ایک وکٹ لی۔
234 کے ہدف کے تعاقب میں ممبئی انڈینز کی پوری ٹیم 18.2 اوورز میں 171 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
ممبئی انڈینز کی جانب سے سوریا کمار یادو نے 61، تِلک ورما نے 43 اور کیمرون گرین نے 30 رنز سکور کیے۔
گجرات ٹائٹنز کی طرف سے فاسٹ بولر موہت شرما نے شاندار سپیل کرتے ہوئے صرف 2.2 اوورز میں 10 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ ان کے علاوہ محمد شامی اور راشد خان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

گجرات ٹائٹنز کی جانب سے موہت شرما نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ (فوٹو: آئی پی ایل)

دوسری جانب دائیں ہاتھ کے نوجوان بیٹر شبھمن گِل نے ایونٹ میں اب تک 851 رنز بنائے ہیں جس کے بعد انہیں ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے پر اورینج کیپ مل گئی ہے۔
آئی پی ایل کا فائنل 28 مئی کو گجرات ٹائٹنز اور چنئی سپر کنگز کے درمیان احمد آباد میں ہی کھیلا جائے گا۔
کوالیفائر ٹو میں شبھمن گِل کی شاندار اننگز پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی تبصرے دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
صحافی ٹِم وِگمور لکھتے ہیں کہ ’2023 کے اس آئی پی ایل نے اس بات کی یقین دہانی کروا دی ہے کہ لمبے عرصے کے لیے کیا ہونے جا رہا ہے۔ وہ یہ ہے کہ شبھمن گِل انڈیا کی بیٹنگ کے اگلے سپرسٹار ہیں۔
سہیل نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’یہاں تک کہ ہاردک پانڈیا کو اپنی آںکھوں پر یقین نہیں آ رہا کہ شبھمن گِل وہاں کیا کر رہے ہیں۔ ناقابلِ یقین بیٹنگ۔
سابق جنوبی افریقی کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز لکھتے ہیں کہ ’شبھمن گِل واہ۔ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔
ٹوئٹر ہینڈل سواٹ کیٹ نے میم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’شبھمن گِل آج سٹرائیکر اینڈ پر کہتے ہیں کہ میں بس رُکنا نہیں چاہتا۔

شیئر: