حکومت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ڈپلومیٹک پاسپورٹ منسوخ کر دیے
ہفتہ 27 مئی 2023 12:06
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک کے نام بھی ان افراد میں شامل ہیں جن کے پاسپورٹ منسوخ کیے گئے ہیں۔ (فائل فوٹو: کولاج/اے ایف پی)
حکومت پاکستان نے شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فرخ حبیب، زرتاج گُل، اعظم سواتی سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 9 رہنماؤں کے ڈپلومیٹک پاسپورٹ منسوخ کر دیے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مرکزی دفتر نے ملک میں اور ملک سے باہر پاکستانی حکام کو ایک لیٹر کے ذریعے اطلاع دی ہے کہ ’حکام کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان تمام افراد کے ڈپلومیٹک پاسپورٹس منسوخ کر دیے جائیں‘ کیونکہ یہ پاسپورٹ رولز کے تحت ڈپلومیٹک پاسپورٹس رکھنے کے اہل نہیں رہے اور ان کے پاس اب کوئی حکومتی عہدہ نہیں۔
جن 10 افراد کے ڈپلومیٹک پاسپورٹ معطل کیے گئے ہیں ان میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک، عون عباس بپی، علی امین گنڈا پور اور علی محمد خان کے بھی ڈپلومیٹک پاسپورٹ منسوخ کیے گئے ہیں۔
واضح رہے 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے پُرتشدد مظاہروں کے تناظر میں پی ٹی آئی کے کارکنان اور رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور شاہ محمود قریشی سمیت متعدد مرکزی رہنما مینٹیننس آف پبلک آرڈر کے قانون کے تحت جیلوں میں بند ہیں۔
دوسری جانب گذشتہ چند دنوں میں فواد چوہدری، علی زیدی، ملیکہ مخاری، فردوش عاشق اعوان سیف اللہ نیازی، ابرار الحق، عامر کیانی اور ملک امین اسلم سمیت متعدد رہنما پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کی وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا تھا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کیونکہ میرا بیرونِ ملک سفر کا کوئی ارداہ نہیں ہے۔‘
جمعے کو اپنی ایک ٹویٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لکھا کہ ’میری نہ تو بیرونِ ملک کوئی جائیدادیں ہیں نہ کاروبار اور نہ ہی ملک سے باہر کوئی بینک اکاؤنٹ ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’جب بھی مجھے چُھٹی کا موقع ملے گا، شمالی پہاڑی علاقوں میں جانا چاہوں گا جو کرّہِ ارض پر میری پسندیدہ جگہ ہے۔‘