Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان مرکز کے تحت افریقہ اور یمن میں رضاکارانہ طبی پرواگرام

یمن میں اپریل کے دوران سات ہزار 618 مریضوں کا علاج کیا گیا( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے کینیا اور کیمرون میں دو رضاکارانہ طبی پروگراموں کا افتتاح کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کینیا میں امدادی ایجنسی کی میڈیکل ٹیم کے 13 رضاکار ڈاکٹروں نے نیروبی میں مریضوں کے لیے کارڈیک کیتھیٹرائزیشن کی سرجری کی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ پروگرام جو 22 سے 26 مئی تک جاری رہا البسم انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے تعاون سے شروع کیا گیا۔
ایس پی اے کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ’ یہ منصوبہ شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی جا نب سے نافذ کیے گئے رضاکارانہ طبی پروگراموں کی توسیع کے طور پر آتا ہے تاکہ ضرورت مند ممالک میں محدود آمدنی والے افراد اور خاندانوں کی مدد کی جا سکے‘۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے 22  رضا کار سرجنوں نے کیمرون کے شہر مارووا میں  آرتھوپیڈکس، پیڈیاٹرکس اور گائناکالوجی سمیت مختلف خصوصیات کے طبی آپریشن کیے۔
یمن کے حجہ گورنریٹ میں الجدہ ہیلتھ سینٹر کلینک نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے تعاون سے اپریل میں سات ہزار 618 مریضوں کو علاج فراہم کیا۔
شاہ سلمان مرکز نے یمن میں ہنگامی،انٹرنل میڈیسن، تولیدی صحت، سرجری، اطفال، ریڈیویالوجی اور زچگی کے متنوع کلینکس کے ذریعے ہیلتھ کیئر فراہم کی۔

ادلب میں زلزلے سے متاثرہ 750 خاندانوں کو فوڈ پارسل فراہم کیے ہیں( فوٹو: ایس پی  اے)

لبنان کے المنیا میں سبل السلام سوشل ایسوسی ایشن کی ایمبولینس سروس نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی مالی اعانت سے ایک ہفتے میں 90 مشن انجام دیے۔
سعودی امدادی ایجنسی نے شام کے شہر ادلب میں زلزلے سے متاثرہ 750 خاندانوں کو فوڈ پارسل اور حفظان صحت کے تھیلے فراہم کیے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 87 ممالک میں مختلف قسم کے  دو ہزار 208  امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔  ان منصوبوں پر 6  بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔

شیئر: