Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اوور ایکٹنگ کے 500  کاٹو،‘ وکی کوشل اور سارہ علی خان کی ٹرولنگ کیوں؟

سارہ علی خان اور وکی کوشل کی فلم 2 جون کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ (فوٹو: ٹریلر/سکرین شاٹ)
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے فائنل میں چنئی سپر کنگز نے گجرات ٹائٹنز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر پانچویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
میچ کے دوران جہاں انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے عہدیداروں سمیت کھلاڑیوں کے اہل خانہ اور دوست و احباب سٹیڈیم میں موجود تھے وہیں بالی وُڈ کے اداکار وکی کوشل اور اداکارہ سارہ علی خان بھی سٹیڈیم میں تاریخی فائنل سے محظوظ ہوتے نظر آئے۔
وکی کوشل اور سارہ علی خان میچ کے ذریعے اپنی آنے والی فلم ’ذرا ہٹ کے، ذرا بچ کے‘ کی تشہیر کرنے آئے ہوئے تھے۔
میچ کے دوران دونوں فلمی ستاروں کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہیں۔
آئی پی ایل فائنل کے ختم ہونے کے بعد انسٹاگرام پر وکی کوشل نے اپنی اور سارہ علی خان کی ویڈیو اپلوڈ کی جس میں وہ چنئی سپر کنگز کے جیتنے کے بعد بے حد خوش نظر آ رہے ہیں۔
اس ویڈیو کو جہاں 25 لاکھ افراد نے کچھ ہی گھنٹوں میں لائک کیا ہے وہیں صارفین کی جانب سے دونوں ستاروں کو ٹرول بھی کیا جا رہا ہے۔
کچھ صارفین اُن پر یہ الزام لگا رہے ہیں کہ وہ پہلے گجرات ٹائٹنز کو سپورٹ کر رہے تھے اور پھر چنئی کے جیتنے پر اس ٹیم کے ساتھ ہوگئے جبکہ کچھ صارفین نے اُن کے جشن کو ’اوور ایکٹنگ‘ قرار دیا۔
وِشاکھا گپتا نے لکھا کہ ’تم لوگ تو گجرات ٹائٹنز کو سپورٹ کر رہے تھے۔
عدنان لکھتے ہیں کہ ’اچھے اداکار میچ میں اداکاری کرتے ہوئے۔
مہک مُوسوی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’بھائی یہ کس کی طرف تھا؟ چھکے پر بھی خوش اور وکٹ پر بھی خوش۔
سمرتھ آہلُوالا نے مزاحیہ انداز میں کہا ’اوور ایکٹنگ کے 500  کاٹو۔
دوسری جانب فلم ’ذرا ہٹ کے، ذرا بچ کے’ کی کہانی انڈیا کے شہر اندور میں رہنے والے جوڑے (وکی کوشل) اور سومیا (سارہ علی خان) کے گرد گھومتی ہے جو اپنی شادی کے ابتدائی دنوں میں بہت خوش رہتے ہیں لیکن اس کے بعد ان کی زندگی میں ایک خوفناک موڑ آتا ہے اور بات طلاق تک پہنچ جاتی ہے۔
ٹریلر کے مطابق طنز و مزاح اور غصے میں ڈوبے دونوں کرداروں کو سکرین پر لڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
فلم کی کاسٹ میں وکی کوشل اور سارہ علی خان کے علاوہ رکیش بیدی، شارب ہاشمی سمیت نیرج سود بھی موجود ہیں۔
لکشمن اتیکر کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم 2 جون کو انڈیا سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

شیئر: