Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان میں دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، دو اہلکار جان سے گئے

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک ایران سرحد پر سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نےحملہ کیا (فوٹو: روئٹرز)
بلوچستان کے ضلع کیچ میں پاک ایران سرحد پر سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو اہلکار چل بسے۔
جمعرات کو پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)  کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے سنگوان میں پاک ایران سرحد پر سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کیا، پوسٹ پر تعینات اہلکاروں نے دہشتگردوں کے حملے کا بھرپور جواب دیا۔‘
بیان میں بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا حملہ پسپا کر دیا تاہم ڈی جی خان سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ سپاہی حسنین اشتیاق اور جھل مگسی کے رہائشی 27 سالہ سپاہی عنایت اللہ جان کی بازی ہار گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں فوری طور پر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔ دہشتگردوں کو سرحد پار فرار ہونے سے روکنے کے لیے ایرانی حکام سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔
بیان کے مطابق ’بلوچستان میں امن اور استحکام کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘

شیئر: