Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان میں چیک پوسٹ پر حملہ، تین اہلکار جان سے گئے: آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد بھی ہلاک ہوا (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے زرغون میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے نتیجے میں تین سکیورٹی اہلکار جان سے گئے جبکہ ایک دہشت گرد بھی مارا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ سنیچر کو علی الصبح بلوچستان کے علاقے زرغون میں دہشت گردوں نے ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کا چوکی پر موجود اہلکاروں کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا اور فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ تین سکیورٹی اہلکار بھی جان سے گئے۔
زرغون کے علاقے میں یہ چیک پوسٹ کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں پر حملوں کے پیش نظر حال ہی میں بنائی گئی تھی۔
بیان کے مطابق واقعے کے بعد فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کا کام جاری ہے اور قریبی پہاڑوں میں ان کے ممکنہ ٹھکانہ تک پہنچنے کے لیے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
’اس وقت آپریشن بہتر انداز میں آگے بڑھ رہا ہے اور علاقے سے فرار کے تمام راستے مسدود کر دیے گئے ہیں۔‘
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

شیئر: