پی ٹی آئی رہنما سیاست کیوں چھوڑ رہے ہیں، خاتون ٹیچر کی خود کشی سمیت پاکستان میں گذشتہ ہفتے کی اہم خبریں
پی ٹی آئی رہنما سیاست کیوں چھوڑ رہے ہیں، خاتون ٹیچر کی خود کشی سمیت پاکستان میں گذشتہ ہفتے کی اہم خبریں
ہفتہ 3 جون 2023 0:05
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
گذشتہ ہفتے پاکستان میں پشاور میں 13 سالہ حاملہ لڑکی کی موت، عمران خان کی صحافیوں سے صدر عارف علوی اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے حوالے سے گفتگو، آواران میں خاتون ٹیچر کی خود کشی اور پی ٹی آئی کے پارٹی چھوڑنے والے رہنماؤں کی پریس کانفرنسز سے متعلق خبریں قارئین کی توجہ کا مرکز رہیں۔
پشاور کے ہسپتال میں 13 سالہ حاملہ لڑکی کی موت، ملزم گرفتار
صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں کم عمر لڑکی سے ریپ کے الزام میں پولیس نے ایک 25 سالہ ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق تھانہ پھندو میں 13 سالہ لڑکی سے ریپ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کے بعد کیس کی تفتیش شروع کی گئی۔
کم عمر لڑکی کو حمل ٹھہرنے پر پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال لایا گیا تھا جہاں دورانِ آپریشن اُس کی موت واقع ہو گئی۔
عمران خان کی صحافیوں سے ملاقات، ’اب وہ صدر علوی کا فون نہیں اٹھاتے‘
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے سنیچر کو ایک سات رکنی کمیٹی کا اعلان کیا ہے جو حکومت یا اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کرے گی۔
اگرچہ اس کمیٹی کے اعلان کے فوری بعد پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے قائد نواز شریف نے عمران خان کے ساتھ مذاکرات سے یہ کہہ کر صاف انکار کر دیا کہ ’تخریب کار گروہ سے مذاکرات نہیں ہو سکتے‘ تاہم سنیچر کو ہی عمران خان سے ملنے والے چند ٹی وی اینکرز کے مطابق وہ ابھی بھی پراعتماد ہیں اور ان کے خیال میں اگلے کچھ دنوں بعد حالات تبدیل ہو سکتے ہیں۔
آواران: سینکڑوں بچوں کو مفت تعلیم دینے والی ٹیچر نے خودکشی کیوں کی؟
’میری بیٹی کو اپنے گاؤں کے بچوں کے مستقبل کی بڑی فکر رہتی تھی کیونکہ پورے علاقے میں ایک بھی سکول نہیں تھا۔ اس نے اپنی جمع پونجی سے گھر کے سامنے جھونپڑی بنا کر خود ہی بچوں کو پڑھانا شروع کر دیا۔ گذشتہ تین برسوں میں جھونپڑی نما سکول کے بچوں کی تعداد تین سو تک پہنچ گئی تھی، لیکن آج یہ سب بچے ایک بار پھر تعلیم سے محروم ہوگئے۔‘
یہ الفاظ بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے گیشکور کی رہائشی 22 سالہ نجمہ کے والد دلسرد بلوچ کے ہیں جن کی بیٹی نے 15 مئی کو گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی تھی۔
اڈیالہ جیل سے پریس کلب کا سفر: لوگ پارٹی کے بجائے زیادہ تر سیاست چھوڑ رہے ہیں
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صف اوّل کے لیڈرز سمیت 50 کے لگ بھگ نمایاں رہنما 9 اور 10 مئی کے پُرتشدد مظاہروں کے بعد کے حالات میں پارٹی سے علیحدگی یا پھر سیاست سے کنارہ کش ہونے کا اعلان کر چکے ہیں۔
ان پی ٹی آئی رہنماؤں میں سے کچھ نے پارٹی عہدوں سے استعفے اور سیاست سے وقفہ لینے کی بات کی ہے جبکہ اکثر نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔
میرے شوہر جبران ناصر کو 15 مسلح افراد اٹھا کر لے گئے: اداکارہ منشا پاشا
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں وکیل اور انسان حقوق اور سماجی کارکن جبران ناصر کو نامعلوم افراد اٹھا کر لے گئے ہیں۔
جبران ناصر کی اہلیہ اداکارہ منشا پاشا کا جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات کو جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ کچھ لوگ ان کے شوہر جبران ناصر کو زبردستی اٹھا کر لے گئے ہیں۔