خاتون ٹیچر کو ہراساں کرکے خود کشی پر مجبور کرنے کے مقدمے کا مرکزی ملزم گرفتار
اتوار 4 جون 2023 20:55
زین الدین احمد -اردو نیوز، کوئٹہ
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ملزمان کا سراغ لگانے میں انٹیلی جنس بیورو نے تعاون فراہم کیا۔ (فوٹو: عیوض بلوچ)
بلوچستان کے ضلع آواران میں خاتون ٹیچر کو ہراساں اور خودکشی پر مجبور کرنے کے مقدمے میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
آواران لیویز تھانہ کے انچارخ نائب رسالدار منظور احمد بلوچ کے مطابق نجمہ خودکشی کیس میں نامزد دو ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا تھا تاہم مرکزی ملزم لیویز اہلکار نوربخش رپوش تھا-
ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر کراچی، حب اور آواران میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔
اتوار کو اسسٹنٹ کمشنر خسرو دلاوری کی سربراہی میں لیویز ٹیم نے ایک چھاپے کے دوران مرکزی ملزم نور بخش بھی کو گرفتار کرلیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ملزمان کا سراغ لگانے میں انٹیلی جنس بیورو نے تعاون فراہم کیا۔
خیال رہے کہ آواران کے علاقے گیشکور کی رہائشی 22 سالہ نجمہ نے 15 مئی کو گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی تھی-
لواحقین نے الزام لگایا تھا کہ لیویز اہلکار اور ان کے دو ساتھی نجمہ کو ہراساں کررہے تھے جس سے تنگ آخر اس نے اپنی جان دے دی
سوشل میڈیا پر معاملہ سامنے آنے کے بعد پولیس اور لیویز حرکت میں آئی اور دو ہفتوں بعد لواحقین کی درخواست پر لیویز سمیت تین ملزمان کے خلاف قتل بالسبب اور ہراسانی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا
نجمہ اپنے گاؤں گیشکور میں اپنی مدد آپ کے تحت جھونپڑی سکول قائم کرکے سینکڑوں غریب بچوں کو مفت تعلیم دے رہی تھی کیونکہ ان کے گاؤں میں کوئی سرکاری و نجی سکول نہیں تھا۔