مکہ میں عازمین حج کے لیے طبی خدمات کے ضوابط کی خلاف ورزی، فارمیسی سیل
پرائیویٹ سیکٹر کے تمام صحت اداروں پر نظر رکھی جارہی ہے (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ محکمہ صحت نے عازمین حج کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کے ضوابط کی خلاف ورزی پر ایک پرائیویٹ فارمیسی کو سیل کردیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ محکمہ صحت نے بیان میں کہا کہ ’ورکنگ کمیٹی نےایک معروف فارمیسی میں ضوابط کی خلاف ورزی ریکارڈ کی تھی‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ فارمیسی میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ تھا جس سے دوائیں اور طبی سامان تلف ہوگیا‘۔
’مکہ مکرمہ میں سیل کی جانے والی فارمیسی مکہ کے شہریوں اور زائرین کو صحت خدمات کی فراہمی کے لیے معروف ہے‘۔
محکمہ صحت نے بیان میں کہا کہ ’جب تک فارمیسی کے مالکان ضوابط کی پابندی نہیں کریں گے اس وقت تک فارمیسی بند رہے گی‘۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ’زائرین کی خدمت معیاری انداز میں کرنے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کے تمام صحت اداروں پر نظر رکھی جارہی ہے‘۔
’عازمین یا مکہ مکرمہ کے باشندوں کو صحت خدمات کی فراہمی میں گڑبڑ کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی‘۔