سعودی وزیرحج کی پاکستانی سفیر سے ملاقات
عازمین حج کوفراہم کی جانے والی سہولتوں پرتبادلہ خیال کیا (فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ سے سعودی عرب میں متعین پاکستانی سفیر احمد فاروق نے جمعرات کو ملاقات کی۔ انہوں نے عازمین حج کے استقبال کے انتظامات اور فراہم کی جانے والی سہولتوں پر تبادلہ خیال کیا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت حج نے بدھ کو ’ترحاب‘ تربیتی پروگرام ایڈیشن ٹو جاری کیا ہے۔
اس سلسلے میں وزارت نے صالح کامل فاؤنڈیشن اور ام القری یونیورسٹی کے ماتحت ریسرچ اینڈ سٹڈیزانسٹی ٹیوٹ سے تعاون لیا ہے۔ پروگرام کے تحت 13 ہزار سے زیادہ اہلکاروں کی تربیت کرنا ہے۔
ترحاب تربیتی پروگرام کے ذریعے عازمین حج کے ساتھ مثالی انداز میں پیش آنے کے آداب اور طریقوں سے آگاہ کیا جائے گا۔
اہلکاروں کواس بات کی بھی تربیت دی جائے گی کہ حج پر آنے والوں کو کس طرح خوشیاں فراہم کی جائیں انہیں سکھایا جائے گاکہ زائرین کی شکایات کو کس طرح سنا جائے اور کس انداز سے حل کیا جائے تاکہ زائرین کے دل جیتے جاسکیں۔ اس پروگرام کے ضمن میں مکالمے اور مباحثے کے مزاج اور انداز کی تربیت بھی دی جائے گی۔