31 ہزار سے زائد پاکستانی عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے: ترجمان مذہبی امور
بیان کے مطابق پاکستان سے جدہ ایئرپورٹ پر براہ راست پروازوں کا سلسلہ پانچ جون سے شروع ہو گا (ایس پی اے)
پاکستانی عازمین حج کی سعودی عرب آمد کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک31 ہزار 241 پاکستانی عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کی وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ مدینہ منورہ میں بدھ 31 مئی تک53 پروازوں کے ذریعے 31 ہزار 241 پاکستانی عازمینِ حج سعودی عرب پہنچے ہیں۔
27 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج مدینہ میں قیام پذیر ہیں، چار ہزار سے زائد عازمینِ حج جدید بسوں کے ذریعے مکہ پہنچے ہیں۔
بیان کے مطابق پاکستان سے جدہ ایئرپورٹ پر براہ راست پروازوں کا سلسلہ پانچ جون سے شروع ہو گا۔
ترجمان مذہبی امور نے مزید بتایا کہ شعبہ گمشدگی و بازیابی نے راستہ بھولنے والے 25 عازمین کو اُن کی رہائش گاہوں تک پہنچایا۔ عازمین کرام کے 166 بیگ تلاش کر کے مالکان کے حوالے کیے گئے جبکہ چھ کی تلاش جاری ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کے تحت شعبہ شکایات، حرم گائیڈز، شعبہ خوراک، رہائش و ٹرانسپورٹ مصروفِ عمل ہیں۔ پاکستان حج میڈیکل مشن کے تحت 137 ڈاکٹر ز اور پیرامیڈیکل عملہ عازمینِ حج کی طبی ضروریات کے لیے تعینات ہیں۔
بیان کے مطابق وزارتِ مذہبی امور کی خصوصی مانیٹرنگ ٹیموں نے سرکاری و نجی حج سکیم کی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف رہائش گاہوں کے دورے کیے۔