فیصل بن فرحان کی متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں
بن فرحان نے ناروے، لبنان اورایتھوپیا کے وزرائے خارجہ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے جمعرات کو ریاض میں ناروے، لبنان اور ایتھوپیا کے وزرائے خارجہ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق ناروے کی وزیر خارجہ نے فیصل بن فرحان کے ساتھ دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات اور متعدد شعبوں میں انہیں جدید خطوط پر استوار او رمزید مضبوط بنانے کی تدابیر کا جائزہ لیا۔ انہوں نے علاقائی و بین الاقوامی حالات حاضرہ اور مختلف مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے داعش کے خلاف عالمی محاذ کے اجلاس کے ایجنڈے میں درج اہم موضوعات پر بھی بات چیت کی۔
دوسری جانب لبنانی وزیر خارجہ عبداللہ بوحبیب نے بھی فیصل بن فرحان سے ملاقات کی۔ وہ داعش مخالف عالمی محاذ اجلا س میں شرکت کے لیے ریاض پہنچے ہوئے ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ نے ملاقات کے آغاز میں لبنان کے سیکیورٹی حکاام کا مغوی سعودی شہری کو آزاد کرانے کے سلسلے میں فوری موثر کارروائی پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر سعودی لبنانی وزرائے خارجہ نے متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی تدابیر کا جائزہ لیا علاوہ ازیں علاقائی و عالمی حالات حاضرہ پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے داعش مخالف عالمی محاذ کے اجلاس کے ایجنڈے کے اہم نکات پر بھی بات چیت کی۔
ادھر فیصل بن فرحان سے ایتھوپیا کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے متعدد شعبوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی تدابیر کا بھی جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں علاقائی و عالمی حالات حاضرہ اور ان کی گتھیاں سلجھانے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔