Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا لیبیا میں انتخابی قوانین سے متعلق معاہدے کا خیرمقدم

مراکش میں مشترکہ کمیٹی کے اجلاس میں لیبیا میں انتخابات کے انعقاد کے لیے قانون سازی پر بات چیت کی گئی ہے۔ فائل فوٹو عرب نیوز
سعودی وزارت خارجہ نے لیبیا میں انتخابی قوانین پر لیبیا کی صدارتی اور پارلیمانی کمیٹی کے چھ چھ ارکان کی مشترکہ کمیٹی کے مابین طے پانے والے معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مراکش کے شہر بوزنیقہ میں مشترکہ کمیٹی کے اجلاس کے اختتام پر لیبیا میں انتخابی قوانین کی تیاری کے لیے طے پانے والا معاہدہ  کا اعلان کیا گیا ہے۔
مراکش میں 7 جون کو ہونے والے اجلاس میں اراکین پارلیمنٹ اور اعلٰی کونسل آف سٹیٹ کے اراکین پر مشتمل کمیٹی نے لیبیا میں انتخابات کے انعقاد کے لیے فریم ورک اور قانون سازی کے لیے بات چیت کی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں لیبیا کے حریف دھڑوں کے درمیان بات چیت کو آسان بنانے اور لیبیا میں سیاسی تصفیہ حاصل کرنے کے لیے ایک معاہدے تک پہنچنے میں مراکش کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔
وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’مملکت کو امید ہے کہ لیبیا کی جماعتیں بحران کے خاتمے اور لیبیا میں سلامتی اور استحکام بڑھانے کے لیے اہم قدم کے طور پر انتخابی قوانین پر باضابطہ دستخط کریں گی۔‘
سعودی وزارت خارجہ نے عرب خطے اور دنیا میں لیبیا کی حیثیت کو بااثر ریاست کے طور پر مستحکم کرنے اور  ملک میں استحکام اور خوشحالی کے لیے عوامی خواہشات کو پورا کرنے کی کوششوں کے لیے مملکت کی حمایت کا اعادہ کیا۔
 

شیئر: