میڈرڈ .... مقامی پولیس نے مانچسٹر سے میجورکا آنے والی ریان ایئر کی پرواز سے ان 3 مسافروں کو گرفتار کرلیا ہے جو موج مستی کیلئے گروپ کی شکل میں نکلے تھے اور طیارے پر دھما چوکڑی مچائے ہوئے تھے جس سے دوسرے مسافر نہ صرف پریشان ہوگئے تھے بلکہ انہیں اپنی جان بھی خطرے میں نظر آرہی تھی۔ تفصیلات کے مطابق 15افراد پر مشتمل گروپ کے ارکان نشے میں بری طرح دھت تھے اور طیارے پر چڑھنے کے بعد بھی انہوں نے نشہ کرنے کی لت نہیں چھوڑی ۔ کپتان نے پالما کے میجورکا ایئرورٹ کو صورتحال کی اطلاع دیدی۔ طیارہ لینڈ کرنے کے بعد ہی پولیس اہلکار طیارے پر سوار ہوگئے اور ان تین افراد کو اپنی حراست میں لے لیا جو ہنگامہ آرائی میں پیش پیش تھے۔کچھ مسافروں کا کہناتھا کہ یہ لوگ مانچسٹر سے طیارے پر سوار ہونے سے قبل اچھی خاصی شراب نوشی کرلی تھی اور اسی حالت میں طیارے میں سوار ہوگئے تھے۔