Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انٹیل کا 28 ارب ڈالر کے چپ پلانٹ کا منصوبہ ’سست روی‘ کا شکار

انٹیل نے کہا کہ چپ کی پیداوار اب 2030 میں شروع ہونے کی اُمید ہے (فوٹو: روئٹرز)
انٹیل نے امریکی ریاست اوہائیو میں دو نئے فیبریکیشن پلانٹس کی تکمیل کا دورانیہ بڑھانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ 28 ارب ڈالر کے منصوبے کے لیے محتاط انداز اپنا رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی چپ بنانے والی کمپنی انٹیل نے ایک بیان میں کہا کہ چپ کی پیداوار جس کا آغاز 2025 میں ہونا تھا اب 2030 میں شروع ہونے کی اُمید ہے۔
انٹیل فاؤنڈری مینوفیکچرنگ کے جنرل مینیجر ناگا چندر شیکرن نے کہا کہ ’یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے فیبس کی پیداوار کے آغاز کو اپنے کاروبار کی ضروریات اور وسیع تر مارکیٹ کی طلب کے مطابق بنائیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم سست رفتاری سے منصوبے پر کام جاری رکھیں گے اور اگر صارفین کے مطالبے کی ضمانت دی گئی تو آپریشن شروع کریں گے۔‘
امریکی چپ کمپنی کو مصنوعی ذہانت کے انقلاب میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے، اسی وجہ سے سال 2024 میں انٹیل کو 18.8 بلین ڈالر کا نقصان ہوا۔
انٹیل سلیکون ویلی کی سب سے مشہور کمپنیوں میں سے ایک ہے لیکن ایشیائی پاور ہاؤسز تائیوان سیمی کنڈکٹرمینوفیکچرنگ کمپنی (ٹی ایس ایم سی) اور سیم سنگ نے اسے خاصا ’ٹف ٹائم‘ دے رکھا ہے۔
گرافکس چپ بنانے والی کمپنی این ویڈیا کا اُبھر کر سامنے آنا کمپنی کے لیے حیران کُن تھا۔
انٹیل کے سی ای او پیٹ گیلسنگر کو دسمبر میں اس وقت برطرف کردیا گیا جب بورڈ کو کمپنی کی بحالی کے اپنے منصوبوں پر اعتماد نہیں رہا تھا۔

جنرل  مینیجر ناگا چندر شیکرن کا کہنا ہے کہ ’ہم سست رفتاری سے منصوبے پر کام جاری رکھیں گے‘ (فوٹو: انٹیل)

انٹیل نے سی ای او پیٹ گیلسنگر کے دور میں چپ سازی میں اپنا تسلط بحال کرنے اور اپنے حریفوں اے ایم ڈی، این ویڈیا اور سام سنگ کے ساتھ بہتر مقابلہ کرنے کے لیے بڑے منصوبوں کا اعلان کیا تھا۔ انٹیل نے تین برِاعظموں میں فیکٹریوں کی تعمیر میں اربوں کی سرمایہ کاری کی ہے۔
سابق امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے گذشتہ سال سیمی کنڈکٹر کی پیداوار کو امریکی ساحلوں تک پہنچانے کے لیے انٹیل کو 7.9 بلین ڈالر کے ایوارڈ کو حتمی شکل دی تھی۔
لیکن یورپ میں انٹیل نے گزشتہ سال کے آخر میں کہا کہ وہ جرمنی اور پولینڈ میں دو میگا چپ بنانے والی فیکٹریاں بنانے کے اپنے منصوبوں میں تاخیر کر رہی ہے کیونکہ کمپنی کو توقع سے کم مانگ کا سامنا ہے۔
انٹیل نے اس وقت یہ بھی کہا تھا کہ وہ ملائیشیا میں اپنے منصوبوں کو ختم کر دے گی۔

 

شیئر: