Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض ایئر کے طیارے نے دارالحکومت میں کہاں کہاں پرواز کی

شاہی خاندان کے افراد، وزرا اور ملک کی ممتاز شخصیات موجود تھیں ( فوٹو: ٹوئٹر الاخباریہ)
سعودی دارلحکومت میں ریاض ایئر نے پیر کو اپنے طیاروں کے ابتدائی بیرونی ڈیزائن کی نمائش کی ہے۔  
ایس پی اے اور العربیہ نیٹ کے مطابق کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ریاض ایئر کے بوئنگ ڈریم لائنر 9787 ساخت کے طیارے نے پروازکی ہے۔
اس موقع پر شاہی خاندان کے افراد، وزرا اور ملک کی ممتاز شخصیات موجود تھیں۔ 
 ریاض ایْئر کے طیارے نے دارالحکومت کی فضاؤں میں نچلی پرواز کی۔  طیارہ کنگ عبداللہ مالیاتی مرکز، بولیوارڈ اور شہر کے مرکزی علاقے میں موجود ٹاورز کے اوپر سے گزرا۔
دارالحکومت کے باشندوں نے ریاض ایئر کے طیارے کی ایک جھلک دیکھی اور اس کے منفردڈیزائن کو سراہا۔  
ریاض ایئر کا طیارہ بوئنگ ڈریم لائنر 9787  شو کے بعد پیرس منتقل کردیا جائے گا جہاں وہ پیرس فضائی نمائش ایڈیشن 54 میں عالمی سطح پر اپنے طیارے کے بیرونی ڈیزائن کا مظاہرہ کرے گا۔ 
یاد رہے کہ پیرس نمائش 19جون 2023 سے شروع ہورہی ہے۔
علاوہ ازیں سعودی محکمہ شہری ہوابازی (گاکا) نے ریاض ایئر کمپنی کو پرواز کے لیے کمرشل پرمٹ جاری کردیا جس کے بعد وہ سعودی عرب کی دوسری قومی فضائی کمپنی کی حیثیت سے کاروباری سرگرمیاں شروع کرسکتی ہے۔ 
 اس موقع پر وزیر مواصلات و لاجسٹک خدمات انجینیئر صالح الجاسر، سربراہ محکمہ شہری ہوابازی، سربراہ ریاض ایئر اور سعودی عرب میں قومی فضائی کمپنیوں کے نمائندے، سربراہ،اعلی عہدیدار اور مدیران  موجود تھے۔ 
یاد رہے کہ ریاض ایئر نے مارچ  2023 کے دوران 120 سے زیادہ طیاروں کا سودا کیا ہے۔ 
سعودی عرب کی کوشش ہے کہ مملکت میں ہوابازی کا شعبہ مشرق وسطی میں سرفہرست رہے۔ 330 ملین تک افراد کو سفر کی سہولت فراہم کرے۔ ایئر کارگو کی گنجائش 45 لاکھ  ٹن تک کی جائے۔
2030 تک سعودی عرب سے 250 ائیر پورٹس کے لیے پروازیں چلانے کا منصوبہ ہے۔

شیئر: