اس سال ’مشاعر مقدسہ ٹرین‘ سے کتنے عازمین حج سفر کریں گے؟
اس سال ’مشاعر مقدسہ ٹرین‘ سے کتنے عازمین حج سفر کریں گے؟
جمعرات 15 جون 2023 5:26
چار سال قبل انتظامات ریلوے کمپنی ’سار‘ کے حوالے کیے گئے۔ (فوٹو ایس پی اے)
حج ایام کے دوران مشاعر مقدسہ (منیٰ، مزدلفہ اور عرفات) میں حجاج کو آنے جانے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے مشاعر مقدسہ ٹرین انتظامیہ نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق حاجی حضرات آٹھ ذی الحجہ کو منیٰ پہنچیں گے اور 9 ذی الحجہ کو وہاں سے عرفات کا رخ کریں گے پھر وہاں سے مغرب کے بعد مزدلفہ اور اگلے دن صبح منی واپس ہوں گے۔ جہاں بیشتر حجاج 12 ذی الحجہ اور باقی ماندہ 13 ذی الحجہ تک رہیں گے۔ اس دوران مشاعر مقدسہ ٹرین سے سفر کی سہولت حاصل کریں گے۔
مشاعر مقدسہ ٹرین امریکہ سمیت متعدد عالمی اداروں سے گزشتہ برسوں کے دوران متعدد ایوارڈ حاصل کر چکی ہے۔
کنسلٹینسی کی انٹرنیشنل فیڈریشن نے اسے گزشتہ سو سال کے دوران دنیا کے 24 بہترین منصوبوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔
مشاعر مقدسہ ٹرین نومبر 2010 میں پہلی بار چلائی گئی تھی۔ چینی کمپنی نے سعودی ریلوے لمیٹڈ کمپنی کے لیے مشاعر مقدسہ ٹرین کا منصوبہ نافذ کیا تھا۔
مشاعر مقدسہ ٹرین کی ریلوے لائن 18 کلو میٹر پر مشتمل ہے۔ اس کے 9 سٹیشن ہیں۔ ان میں تین عرفات، تین مزدلفہ اور تین منیٰ میں ہیں۔ آخری سٹیشن جمرات کے پل کے برابر میں ہے۔
ٹرین 80 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلتی ہے۔ منیٰ اور عرفات کا فاصلہ 20 منٹ میں طے کرتی ہے۔
مشاعر مقدسہ ٹرین کے 17 یونٹس ہیں۔ ایک ٹرین میں تین ہزار افراد سفر کر سکتے ہیں۔ ہر ٹرین میں 20 فیصد مسافروں کے لیے نشستیں ہیں۔
اس ٹرین سے ایک گھنٹے میں 72 ہزار افراد سفر کر سکتے ہیں۔ اس سے عازمین حج کو سفر کی ایک بہترین سہولت میسر آگئی ہے۔
مشاعر مقدسہ ٹرین کے سٹیشنوں کا خاص ڈیزائن ہے۔ اترنے، چڑھنے اور روانگی کے دوران تمام باتوں کا خیال رکھا گیا ہے۔ ویٹنگ زون کو ٹرین میں سوار ہونے والے زون سے الگ رکھا گیا۔ اسی طرح ہر ٹرین میں چڑھنے اور اترنے کے لیے 60 دروازے بنائے گئے ہیں۔
مشاعر مقدسہ ٹرین ماحول دوست ہے۔ یہ بجلی سے چلتی ہے۔ اس کا آپریشنل سٹائل اپنا ہے۔ دنیا کی کسی اور ٹرین میں اس کی نظير نہیں ملتی۔ یہ شٹل سروس کے طور پر چلتی ہے۔
چار برس قبل مشاعر مقدسہ ٹرین کے انتظامات ریلوے کمپنی ’سار‘ کے حوالے کیے گئے ہیں۔
چار سال قبل کے حج موسم میں 23 لاکھ افراد نے مشاعر مقدسہ ٹرین سے سفر کیا تھا۔ 2020 اور 2021 میں کورونا کے باعث معطل رہی۔ اس کے بعد 2022 میں بحال کیا گیا اور اس وقت حج موسم میں ایک بڑی تعداد نے مشاعر ٹرین سے سفر کیا۔
سعودی ریلوے سار نے گزشتہ حج موسم میں ساڑھے سات ہزار اہلکاروں کو مشاعر مقدسہ ٹرین کی ٹریننگ دی تھی۔ یہ اہلکار مختلف زبانوں سے واقفیت بھی رکھتے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں