مشاعر ٹرین سروس میں کراوڈ کنٹرولنگ کس طرح؟
مشاعر مقدسہ میں 9 ریلوے سٹیشن ہیں (فوٹو، ٹوئٹر)
منی، مزدلفہ اور عرفات میں حاجی ایک مقام سے دوسرے مقام آنے جانے کے لیے مشاعر مقدسہ ٹرین استعمال کرتے ہیں۔
ایام حج میں ڈیڑھ سے ڈھائی لاکھ تک حاجیوں کو ٹرین سروس مہیا کی جاتی ہے۔ اس موقع پر حاجیوں کے جم غفیر کو باقاعدہ منظم اور مربوط نظام کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مشاعر مقدسہ ٹرین کا افتتاح 2010 میں کیا گیا تھا۔ اس سے قبل حج مقامات پر آنے جانے میں صرف بسوں اور بڑی گاڑیوں پر انحصار کیا جاتا تھا جن سے ماحولیاتی آلودگی کے مسائل پیدا ہوتے تھے اور غیر معمولی اژدحام سے حاجی حضرات اور ان کے خدمت گار ادارے بھی متاثر ہوتے تھے۔ ٹرانسپورٹ کے روایتی طریقوں پر انحصار کم کرنے کے لیے ٹرین سسٹم متعارف کرایا گیا۔
مشاعر مقدسہ ٹرین سے ایک بار 3600 افراد سفر کرسکتے ہیں۔ ایک گھنٹے میں 72 ہزار افراد کو مشاعر مقدسہ ٹرین ایک مقام سے دوسرے مقام پہنچا دیتی ہے۔
مشاعر مقدسہ ٹرین کے 9 سٹیشن ہیں جن میں تین منی، 3 مزدلفہ اور تین میدان عرفات میں ہیں۔
اس سال الیمامہ کمپنی مشاعر مقدسہ ٹرین کے انتظامات دیکھ رہی ہے۔ اس نے اس مقصد کے لیے 7200 مقامی نوجوانوں کی خدمات حاصل کی ہے۔ انہیں ٹریننگ پروگرام سے گزارا گیا ہے۔ انہیں ٹرین کے سٹیشنوں پر حاجیوں کے اژدحام کو کنٹرول کرنے کے طور طریقے سمجھائے گئے ہیں تاکہ منی، مزدلفہ اور عرفات آتے جاتے وقت حاجی حضرات کو کسی پریشانی کے بغیر ٹرین پر سوار کرایا جاسکے اور ٹرین سے اترتے وقت ممکنہ مسائل سے بچایا جاسکے۔