Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج سیزن میں روزانہ مسجد الحرام کی صفائی کتنی مرتبہ ہوتی ہے؟

400  سے زیادہ سعودی انچارج تعینات ہیں۔ (فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے ماتحت مختلف خدمات انجام دینے والے ادارے نے  کہا ہے کہ حج سیزن کے دوران ہر روز چار ہزار صفائی کے کارکن دن میں 10 بار مسجد الحرام کی دھلائی کا کام انجام دے رہے ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ادارے کا کہنا ہے کہ ’زائرین کی صحت و سلامتی کی خاطر چار ہزار سے زیادہ کارکنان اور فیلڈ امور کی نگرانی کے لیے 400 سے زیادہ سعودی انچارج تعینات کیے گئے ہیں۔ صفائی کارکن ہر روز حرم شریف کی دھلائی دن میں 10 مرتبہ کر رہے ہیں۔‘

 آبِ زمزم کی بوتلیں زائرین کو فراہم کی جارہی ہیں۔ (فوٹو شوؤن الحرمین ٹوئٹر)

ادارے کا کہنا ہے کہ ’سات ہزار آب زمزم کی بوتلیں زائرین کو فراہم کی جا رہی ہیں۔ 800 کارکنان مسجد الحرام کے ہر حصے میں جا کر نمازیوں کو آب زمزم کی بوتلیں پیش کر رہے ہیں۔‘
ادارے کا کہنا ہے کہ ’آب زمزم کے 4500 کولر مختلف جگہوں پر رکھے گئے ہیں۔ ان کے ذریعے روزانہ پانچ لاکھ لیٹر آب زمزم زائرین کو مہیا کیا جا رہا ہے۔ ان کولرز کی صفائی اور دھلائی کا کام بھی اچھے طریقے سے ہوتا ہے اور احتیاط برتی جاتی ہے۔‘

کولرز کی صفائی میں بہت احتیاط سے کام لیا جاتا ہے۔ (فوٹو شوؤن الحرمین ٹوئٹر)

حرمین شریفین میں مختلف خدمات انجام دینے والے ادارے کے معاون سربراہ محمد الجابری نے کہا کہ ’ادارے نے پانچ ہزار سادہ ویل چیئر اور تین ہزار الیکٹرک ویل چیئرز کا بندوبست کیا ہے۔ انہیں تنقل ایپ سے مربوط کر دیا گیا ہے۔‘
 ’مسجد الحرام کے دروازوں پر نمازیوں کے خیر مقدم کے لیے انچارج تعینات کیے گئے ہیں۔ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ حرم شریف آنے والے زائرین کی آمد و رفت کو منظم کریں اور انہیں مطلوبہ معلومات فراہم کریں۔‘

سپرے کا کام روبوٹ آٹھ گھنٹے تک روزانہ انجام دیتے ہیں۔ (فوٹو شوؤن الحرمین ٹوئٹر)

محمد الجابری نے بتایا کہ ’11 سمارٹ روبوٹ جراثیم کش ادویہ کے چھڑکاؤ کا کام کر رہے ہیں۔ ہر روبوٹ خودکار نظام کے تحت آٹھ گھنٹے اپنا کام انجام دیتا ہے۔‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

 

شیئر: