سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے فنڈز ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے
سعودی عرب میں اب ایک ہزار 76 سرمایہ کاری فنڈز کام کر رہے ہیں۔ (فائل فوٹو: عرب نیوز)
کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی کے مطابق سعودی عرب میں کام کرنے والے سرمایہ کاری کے فنڈز کی تعداد ریکارڈ بلندی پر پہنچ گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق تنظیم کے تازہ ترین بلیٹن میں انکشاف کیا گیا کہ اس سال کے پہلے تین مہینوں میں سرمایہ کاری کے فنڈز کی تعداد میں 2022 کی اسی مدت کے مقابلے میں 35.3 فیصد اضافہ ہوا ہے یعنی سعودی عرب میں اب ایک ہزار 76 سرمایہ کاری فنڈز کام کر رہے ہیں۔
اس سال کی پہلی سہ ماہی میں سرکاری اور نجی فنڈز کی تعداد بالترتیب 253 اور 542 کے مقابلے میں 260 اور 816 تک پہنچ گئی جو ایک سال پہلے کی مدت میں تھی۔
سعودی عرب میں مزید فنڈز کا حصول وژن 2030 کے انیشیٹو کا ایک اہم حصہ ہے جس کے بارے میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا تھا کہ ’ہماری قوم مضبوط سرمایہ کاری کی صلاحیتوں کی حامل ہے جسے ہم اپنی معیشت کو متحرک کرنے اور اپنی آمدنی کو متنوع بنانے کے لیے استعمال کریں گے۔‘
پبلک اور پرائیویٹ انویسٹمنٹ فنڈز میں سبسکرائبرز کی تعداد 53.2 فیصد بڑھ کر 2023 کی پہلی سہ ماہی میں سات لاکھ 92 ہزار 824 سبسکرائبرز تک پہنچ گئی جب کہ ایک سال پہلے پانچ لاکھ 17 ہزار 346 سبسکرائبرز تھے۔
دونوں فنڈز میں حصہ لینے والوں کی سب سے بڑی تعداد رئیل سٹیٹ سیکٹر میں کام کرنے والے فنڈز میں مرکوز تھی۔
دوسری جانب سعودی پرائمری سٹاک مارکیٹ میں درج فرموں کی تعداد مارچ 2023 کے آخر تک 224 تک پہنچ گئی ہے جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں 4.2 فیصد اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔
جہاں تک متوازی مارکیٹ کا تعلق ہے اسی عرصے میں درج کمپنیوں کی تعداد 54 تک پہنچ گئی جو کہ 2022 کے پہلے تین مہینوں میں فہرست میں شامل 25 کمپنیوں کے مقابلے میں 116 فیصد اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔
کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی نے پہلی سہ ماہی کے دوران پرائمری مارکیٹ میں دو فرموں اور متوازی مارکیٹ میں چھ کمپنیوں کی منظوری دی۔
مزید برآں اتھارٹی کو پرائمری مارکیٹ میں پیشکشوں اور لسٹنگ کے لیے پانچ درخواستیں اور متوازی مارکیٹ میں 61 ایسی ہی تجاویز موصول ہوئیں جو زیرِ غور ہیں۔
بلیٹن میں مزید بتایا گیا کہ سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے اہل غیر ملکی سرمایہ کاروں کی ملکیت کی قیمت 2022 کی چوتھی سہ ماہی میں 270.96 بلین ریال کے مقابلے میں ایک فیصد بڑھ کر 273.54 بلین ریال تک پہنچ گئی۔
کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی کا سہ ماہی بلیٹن سعودی مالیاتی مارکیٹ میں ڈیلرز، تجزیہ کاروں اور ماہرین تعلیم کے لیے اعدادوشمار کی معلومات اور مارکیٹ کے ڈیٹا کو دستیاب کرانے کا ایک طریقہ پیش کرتا ہے تاکہ شفافیت کو بڑھایا جا سکے اور مالیاتی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیا جا سکے۔