Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اماراتی صدر محمد بن زاید النہیان کی ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات

ایرانی وزیر خارجہ حسین عامر عبداللہیان آج کل مشرق وسطٰی کے دورے پر ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ایران کے وزیر خارجہ حسین عامر عبداللہیان سے ملاقات کی ہے جو آج کل خلیجی ممالک کے دورے پر ہیں۔
امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق جمعرات کو دبئی میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات و تعاون اور ان کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
’انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز کے حوالے سے بھی تبالہ خیال کیا، جبکہ خطے کے عوام کی فلاح کے لیے ترقیاتی اقدامات کو خطے کے استحکام اور خوشحالی کے لیے بھی اہم قرار دیا۔‘
 شیخ محمد بن زاید النہیان نے ایرانی صدر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ایران اور وہاں کے عوام کے لیے مزید ترقیاتی اقدامات کریں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ حسین عامر عبداللہیان اس سے قبل قطر اور عمان کے دوروں کے دوران بھی وہاں کے حکام سے ملاقاتیں کر چکے ہیں، جبکہ یو اے ای میں قیام کے بعد کویت کی قیادت کے ساتھ بھی ان کے مذاکرات متوقع ہیں۔
بدھ کو ایران کے اعلٰی سفارت کار نے عمان وزیر برائے رائل آفس محمد سلطان بن محمد النعمانی سے ملاقات کی تھی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور مختلف میدانوں میں تعاون کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔
عبداللہیان نے اپنے عمانی ہم منصب سید بدر البوسیدی سے بھی ملاقات کی تھی جس میں سلطان ہیثم بن طارق کے دورہ ایران کے حوالے سے بات چیت ہوئی تھی۔

شیئر: