مکہ میں ’حاجی کا سفر‘ کے زیر عنوان تصویری نمائش
نمائش تین دن تک جاری رہے گی( فوٹو، ایس پی اے)
مکہ مکرمہ کے قائم مقام میئر صالح الترکی نے مقدس شہر کے النسیم محلے میں ’حاجی کا سفر‘ نمائش کا افتتاح کردیا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق نمائش میں 50 سے زیادہ تصاویر سجائی گئی ہیں۔
اس موقع پر میونسپلٹی کے سیکریٹری، ڈائریکٹر جنرل، متعدد عہدیدار اور حج زائرین موجود تھے۔
میونسپلٹی میں رابطہ امور کی ڈائریکٹر جنرل دانیا ترکستانی نے کہا کہ نمائش کا مقصد سفر حج کے جمالیاتی پہلوؤں کو اجاگر کرنا اور عازمین حج کی ثقاتی معلومات میں اضافہ کرنا ہے۔
دانیا ترکستانی نے توجہ دلائی کہ نمائش میں جو تصاویر سجائی گئی ہیں ان کا تعلق مکہ مکرمہ، منی، مزدلفہ اور عرفات سے ہے۔ علاوہ ازیں مکہ مکرمہ کے متعدد مذہبی اور تاریخی مقامات کی تصاویر بھی نمائش میں پیش کی گئی ہیں۔ سفر حج کی مختصر فلمیں بھی سکرینز پر دکھائی جارہی ہیں۔
دانیا ترکستانی نے کہا کہ مکہ میونسپلٹی چاہتی ہے کہ حج زائرین مکہ مکرمہ سمیت مشاعر مقدسہ کے ثقافتی اور مذہبی مقامات کے بارے میں مکمل آگہی لے کر جائیں۔
یہ نمائش تین دن تک جاری رہے گی۔ زائرین کے لیے نمائش کے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔