Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل، ایک لاکھ 57 ہزار پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ گئے

مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ 57 ہزار پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
جمعے کو مذہبی امور کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 81 ہزار عازمین سرکاری جبکہ 76 ہزار نجی حج سکیم کے ذریعے پہنچے۔
حجاج کرام اتوار اور پیر کی درمیانی شب منیٰ کی خیمہ بستی میں بسوں کے ذریعے پہنچائے جائیں گے۔
اس سے قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز پی آئی اے نے حج آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ہے اور اب تک پاکستان سے مجموعی طور پر 61 ہزار 467 عازمین حج کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔
جمعے کو پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ جمعرات کی شب کراچی تا جدہ آپریٹ ہونے والی پی آئی اے کی پرواز کے ساتھ ہی قبل از حج آپریشن مکمل ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق 268 پروازوں کے ذریعے تقریباً 41 ہزار سرکاری عازمین حج، 19 ہزار پرائیوٹ حجاج اور 600 خدام مدینہ منورہ اور جدہ روانہ ہوئے۔
پی آئی اے کے قبل از حج آپریشن کا آغاز 21 مئی سے ہوا تھا جو 22 جون تک جاری رہا۔ یہ پروازیں کراچی، اسلام آباد، لاہور ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور پشاور سے براہ راست روانہ ہوئیں۔ 
سکھر، رحیم یار خان اور کوئٹہ سے حجاج نے براستہ کراچی، جدہ کا سفر کیا۔ پی آئی اے کی حج پروازوں کی بروقت روانگی کا تناسب 94 فیصد رہا۔
ترجمان کے مطابق 268 پروازوں میں سے 249 پروازیں وقت پر یا وقت سے کچھ دیر پہلے ہی روانہ ہوئیں جبکہ صرف 19 پروازیں مختلف وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہوئیں۔
پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن کا آغاز دو جولائی سے ہوگا جو دو اگست تک جاری رہے گا۔

شیئر: