انڈیا کو جدید فوجی ٹیکنالوجیز فراہم کرنے کے منصوبوں پر گہری تشویش ہے: پاکستان
انڈیا کو جدید فوجی ٹیکنالوجیز فراہم کرنے کے منصوبوں پر گہری تشویش ہے: پاکستان
جمعہ 23 جون 2023 20:53
جمعرات کو دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں موجود انتہا پسند گروپوں لشکر طیبہ اور جیش محمد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے امریکہ کی جانب سے انڈیا کو جدید فوجی ٹیکنالوجیز فراہم کیے جانے کے منصوبوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
جمعے کو پاکستان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’پاکستان کو انڈیا کو جدید فوجی ٹیکنالوجیز فراہم کیے جانے کے منصوبوں پر گہری تشویش ہے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’ایسے اقدامات فوجی عدم توازن اور خطے میں سٹریٹجک عدم استحکام کو بڑھا رہے ہیں۔ یہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے حصول کے لیے فائدہ مند نہیں ہیں۔‘
وزارت خارجہ کے مطابق ’ہم عالمی شراکت داروں پر زور دیتے ہیں کہ وہ جنوبی ایشیا میں امن اور سکیورٹی کا مجموعی اور غیرجانبدارانہ جائزہ لیں اور یکطرفہ پوزیشن کی تائید کرنے سے گریز کریں۔‘
امریکہ اور انڈیا کی جانب سے 22 جون کو دیے گئے مشترکہ بیان کے حوالے سے دفتر خارجہ نے کہا کہ ’بیان میں پاکستان کا ذکر بلاجواز، یکطرفہ اور گمراہ کن ہے۔ یہ ذکر سفارتی آداب کے خلاف ہے۔ ہم حیران ہیں کہ پاکستان کی طرف سے امریکہ کے ساتھ قریبی انسداد دہشت گردی تعاون کے باوجود یہ ذکر کیا گیا ہے۔‘
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو نریندر مودی کے واشنگٹن کے دورے کے موقع پر ایک مشترکہ بیان میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں موجود انتہا پسند گروپوں جیسے لشکر طیبہ اور جیش محمد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’انہوں نے سرحد پار دہشت گردی، پراکسی دہشت گرد گروپوں کے استعمال کی شدید مذمت کی اور پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے فوری کارروائی کرے کہ اس کا کوئی بھی علاقہ دہشت گردانہ حملوں کے لیے استعمال نہ ہو۔‘
دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ ’پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔‘ (فوٹو: امریکی ایمبیسی)
دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ ’پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ عالمی برادری نے کئی مرتبہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کوتسلیم کیا ہے۔‘
’ریاستی دہشت گردی کی حمایت کرنے کے علاوہ انڈیا حسب معمول مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر کیے جانے والے مظالم اور اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے برے سلوک سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لفظ کا ستعمال کرتا ہے۔ لہذا پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اس پر بہتان لگانا ناجائز ہے۔‘