Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈرامے جن میں لڑکے لڑکی کے پیچھے دیوانے ہو جاتے ہیں بند ہونے چاہییں: نادیہ افگن

ڈرامہ ’بے بی باجی‘ اِن دنوں سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں ہے (فوٹو: سکرین گریب)
اداکارہ سنیتا مارشل ان دنوں ڈرامہ بے باجی میں نظر آرہی ہیں یہ ڈرامہ ایک مشترکہ خاندان کی کہانی کے گرد گھومتا ہے جس میں ایک نوجوان جوڑے کی محبت کو دکھایا جا رہا ہے شاید اسی وجہ سے ڈرامے کو تنقید کا سامنا بھی ہے۔
سوشل میڈیا پر کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ ڈرامے کو ان کہانیوں پر فوکس کرنا چاہیے جو نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کو مثبت انداز میں متاثر کریں نہ کہ اُنہیں ’گمراہ کریں۔‘
پاکستانی ڈراموں کی کہانی سے متعلق اداکارہ نادیہ افگن کا بھی ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے ٹی وی پر نشر ہونے والے حالیہ ڈراموں پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ’ایسے ڈرامے جن میں گھریلو تشدد، لڑکیوں کو ہراساں کرنے اور محبت کے نام پر کسی لڑکے یا لڑکی کو دیوانہ ہوتے دکھایا جاتا ہے انہیں فوری بند ہوجانا چاہیے۔‘
نادیہ افگن کہتی ہیں کہ ’یہ ڈرامے بچوں کو یہ تربیت دے رہے ہیں کہ اگر آپ کسی کو پسند کرتے ہیں تو اس کے پیچھے دیوانے ہوجائیں اور بندوقوں کا استعمال کریں، یہ غلط ہے، ایسے ڈرامے فوری طور پر بند ہونے چاہییں۔‘
دوسری جانب پاکستانی ڈراموں کی کہانی سے متعلق اداکارہ حنا خواجہ بیات نے کہا ہے کہ ’پاکستان میں زیادہ تر نوجوان لڑکیوں کے کردار لکھے جا رہے ہیں اور ان کے خیال میں کردار پہلے سے نہیں بنائے جاتے بلکہ پہلے کہانی لکھی جاتی ہے اور اس میں بس کردار شامل کر دیے جاتے ہیں۔‘
میزبان واسع چوہدری کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حنا خواجہ بیات کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں پاکستانی ڈراموں کے لیے خواتین کے بہترین کردار مرد لکھاریوں نے ہی لکھے ہیں جن میں سرمد صہبائی، خلیل الرحمٰن قمر اور محمد احمد شامل ہیں۔‘

نادیہ افگن نے کہا کہ ڈرامے جن میں لڑکے لڑکیوں کے لیے بندوقیں لے کر پہنچ جائیں، غلط ہیں‘ (فوٹو: سکرین گریب)

سوشل میڈیا پر کون سے ستارے تنقید کی زد میں؟

سوشل میڈیا پر کسی نہ کسی فنکار کو اپنی کسی پوسٹ، تصویر، پہناوے یا کسی بیان کی وجہ سے صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا اب معمول کی بات لگتی ہے۔
حال ہی میں حمزہ علی عباسی کی اہلیہ نیمل خاور کی کچھ ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو مداح ان کے چہرے کے خدوخال میں نمایاں تبدیلی دیکھ کر حیران رہ گئے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے یہ کہا گیا کہ اداکارہ نے کاسمیٹک سرجری کرواکے اپنے قدرتی حسن کو تباہ کردیا اور یہ بھی کہا گیا کہ ان کی سرجری ان کی نند فضیلہ عباسی نے کی ہے۔
تاہم فضیلہ عباسی نے ان الزامات کو مسترد اور جھوٹی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہوں نے یا ان کے کلینک نے اس قسم کی کوئی سرجری نہیں کی ہے۔
سارہ نیلم بھی اُس وقت سوشل میڈیا صارفین کے ریڈار پر آ گئیں جب حال ہی میں میزبان واسع چوہدری کے پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہیں سمندر پار پاکستانیوں کے حوالے سے مذاق اُنہیں مہنگا پڑ گیا۔
پروگرام میں سارہ کہتی ہیں کہ ’وہ لوگ جو باہر شاید واش روم صاف کر رہے ہوتے ہیں جب اپنے ملک آتے ہیں تو انہوں نے کاٹن کا سفید سوٹ پہنا ہوتا ہے۔‘
مذکورہ بیان پر نہ صرف ماڈل سارہ نیلم بلکہ میزبان واسع چوہدری نے بھی اوور سیز پاکستانی اور اپنے مداحوں سے معذرت کی۔

نیمل خاور کی کچھ ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو مداح ان کے چہرے کے خدوخال میں نمایاں تبدیلی دیکھ کر حیران رہ گئے (فوٹو: سوشل میڈیا)

چند دن قبل بالی وڈ کے معروف اداکار کارتک آریان اور ان کی آنے والی فلم نئی ’ستیہ پریم کی کتھا‘ کے پروڈیوسر ساجد ندیاد والا نے پاکستانی سُپر ہٹ نمبر ’پسوڑی‘ کا ری میک بنانے کا اعلان کیا۔
پسوڑی سال 2022 میں سب سے زیادہ مقبولیت حاصل کرنے والا گانا ہے جیسے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پسند کیا گیا تاہم اس گانے کے ریمک بنانے کے اعلان پر پاکستانی مداح خوش نظر نہیں آئے۔
بات ہو رہی ہے پاکستانی موسیقی کی تو آپ کو بتاتے چلیں کہ گلوکار عاطف اسلم کا انڈین پنجابی فلم کیری آن جٹا 3 کے لیے گایا گیا گانا ’برا حال‘ ریلیز کردیا ہے جسے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔
بالی وڈ اداکارہ اداکارہ سونم باجوہ اور گپی گریوال کی فلم ’کیری ان جٹا تھری‘ کی خاص بات یہ کہ اس فلم کو پاکستانی سینما گھروں میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔ 

شیئر: