بیرون مملکت سے 16 لاکھ 26 ہزار عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے
روٹ ٹو مکہ انیشٹیو کے تحت 2 لاکھ 40 ہزار137 عازمین آٓئے ہیں( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ’ اس سال حج سیزن 2023 کے دوران جمعہ 23 جون تک 16 لاکھ 26 ہزار 500 عازمین حج فضائی، بری اور بحری راستوں سے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں‘۔
محکمہ پاسپورٹ نے ایک بیان میں کہا کہ’ ایئرپورٹس سے 15 لاکھ 59 ہزار 53 عازمین پہنچے ہیں جس میں روٹ ٹو مکہ انیشٹیو کی سہولت سے استفادہ کرنے والے 2 لاکھ 40 ہزار137 عازمین شامل ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ ’بری سرحدی چوکیوں سے آنے والوں کی تعداد 60 ہزار 617 رہی ہے۔ سب سے کم بحری راستے سے 6 ہزار830 عازمین حج سعودی عرب پہنچے ہیں‘۔
علاوہ ازیں محکمہ پاسپورٹ برائے حج کے کمانڈر میجر جنرل ڈاکٹر صالح المربع نے جمعے کو پریس بریفنگ میں بتایا تھا کہ ’ایئرپورٹس، بری سرحدی چوکیوں اور بندرگاہوں پر تعینات پاسپورٹ اہلکار متعدد زبانوں سے واقف ہیں تاکہ عازمین حج سے رابطے میں آسانی ہو۔ آئندہ برسوں کے دوران اس کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔‘
میجر جنرل ڈاکٹر صالح المربع کا کہنا تھا کہ ’بیرون مملکت سے حج پر آنے والے ضیوف الرحمن کی امیگریشن کی کارروائی میں سہولتوں کی فراہمی، روٹ ٹو مکہ انشیٹو کے تحت سات ملکوں میں عازمین حج کی ساری کارروائی ان کے ملک میں مکمل کرنے کا اہتمام کیا گیا۔