منی، مزدلفہ اور عرفات میں عازمین کو مفت طبی خدمات کےلیے انتظامات مکمل
آن لائن طبی مشاورت کی سہولت بھی چوبیس گھنٹے فراہم کی گئی ہے (فوٹو: عاجل)
سعودی وزارت صحت نے مشاعر مقدسہ (منی، مزدلفہ، عرفات) میں عازمین حج کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے۔
منی،عرفات اور مزدلفہ میں وزارت کے سات مرکزی ہسپتال قائم کیے گئے ہیں جہاں ایام حج میں عازمین کو ہر قسم کی مفت طبی خدمات فراہم کی جاتی ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق منی میں چارمرکزی ہسپتال قائم کیے گئے ہیں جہاں طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں جبکہ عرفات میں مرکزی ہسپتالوں کی تعداد تین ہے۔
عرفات سے ملحق مزدلفہ میدان ہے جہاں حجاج نواور دس ذوالحجہ کی شب بسرکرکے منی روانہ ہوجاتے ہیں وہاں وزارت صحت کی خصوصی ٹیمیں بھی ہمہ وقت موجود ہوتی ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے حجاج کے لیے خصوصی طورپر 937 ٹول فری نمبرپر آن لائن طبی مشاورت کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جو 24 گھنٹے دستیاب ہے۔