Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج سیزن میں جعلی پاسپورٹ کا پتہ لگانے کے لیے جدید ڈیوائسز کا استعمال

بیرون مملکت سے تمام حجاج آچکے ہیں۔ (فوٹو عاجل)
سعودی محکمہ پاسپورٹ برائے حج کے کمانڈر میجر جنرل ڈاکٹر صالح المربع نے کہا ہے کہ ’بیرون مملکت سے 16 لاکھ عازمین حج مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔‘
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر صالح المربع جمعے کو مشترکہ سکیورٹی آپریشن سینٹر (911) مکہ میں حج  2023 کے حوالے سے بریفنگ دے رہے تھے۔ 
میجر جنرل ڈاکٹر صالح المربع نے حج 2023 کے حوالے سے سیکیورٹی، ٹریفک اور انتظامی سکیموں کا جائزہ  پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’حج پر جعلی پاسپورٹ کا پتہ لگانے کے لیے اہلکار پیشہ ورانہ طور طریقے استعمال کر رہے ہیں۔ ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر جعلی پاسپورٹس کا پتہ لگانے والے جدید ترین ڈیوائسز موجود ہیں۔‘

پاسپورٹ اہلکار متعدد زبانوں سے واقف ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

انہوں نے کہا کہ ’ایئرپورٹس، بری سرحدی چوکیوں اور بندرگاہوں پر تعینات پاسپورٹ اہلکار متعدد زبانوں سے واقف ہیں تاکہ عازمین حج سے رابطے میں آسانی ہو۔ آئندہ برسوں کے دوران اس کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔‘
میجر جنرل ڈاکٹر صالح المربع نے بتایا کہ ’اس سال بیرون ملک سے آنے والے تمام عازمین پہنچ چکے ہیں۔‘
 ’بیرون مملکت سے حج پر آنے والے ضیوف الرحمن کی امیگریشن کی کارروائی میں سہولتوں کی فراہمی، روٹ ٹو مکہ انشیٹو کے تحت سات ملکوں میں عازمین حج کی ساری کارروائی ان کے ملک میں مکمل کرنے کا اہتمام اور جعلی دستاویزات کا پتہ لگانے کے لیے جدید ترین مشینوں کا انتظام کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’محکمہ پاسپورٹ تین نکاتی پلان پر کام کر رہا ہے۔‘

مکہ اور حج مقامات میں داخلے کے مقامات پر چوکیاں قائم ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

میجر جنرل ڈاکٹر صالح المربع کا کہنا تھا کہ ’بغیر پرمٹ والے افراد کو حج پر لے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔‘
’مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں داخل ہونے والے تمام مقامات پر تفتیشی چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔‘
انہوں نے خبردار کیا کہ ‘بغیر پرمٹ والے عازم حج کو مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں سے کسی ایک جگہ منتقل کرنے والے پر فی کس پچاس ہزار ریال جرمانہ اور چھ ماہ قید کی سزا ہو گی۔‘
ڈاکٹر صالح المربع نے کہا کہ ’تیسرا پلان جس پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے وہ مشاعر مقدسہ میں حج سیزن میں شریک تمام اداروں کی مدد کا ہے۔ اس حوالے سے کئی کام کیے جا رہے ہیں۔
’مکہ مکرمہ آنے جانے کے لیے ایسے تارکین وطن کو جو وہاں ڈیوٹی پر ہوں پرمٹ آن لائن جاری کرائے جارہے ہیں۔‘
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: