مصنوعی ذہانت کے ذریعے حج سیکیورٹی انتظامات، تمام تیاریاں مکمل
حج 2023 کو فول پروف بنانے کے لیے سیکیورٹی سکیمیں تیار ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر اور حج سیکیورٹی کمیٹی کے سربراہ محمد البسامی نے کہا ہے کہ ’مشاعر مقدسہ (منی، مزدلفہ، عرفات) مستقبل میں سمارٹ زون ہوں گے‘۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق محمد البسامی نے بریفنگ میں بتایا کہ ’ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس سعودی اتھارٹی (سدایا) کے ساتھ مل کر مصنوعی ذہانت کے ذریعے حج سیکیورٹی انتظامات کیے جارہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ حج 2023 کو فول پروف بنانے کے لیے سیکیورٹی سکیمیں تیار ہیں۔ بدامنی کی ہر کوشش کا مقابلہ کیا جائے گا۔ عازمین کی سلامتی اور نقصان پہنچانے والی ہر سرگرمی کو روکا جائے گا‘۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت داخلہ اور حج سکیورٹی فورسز کے سربراہان نے سکیورٹی، ٹریفک اور تنظیمی منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
سعودی محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر محمد البسامی نے بریفنگ کے دوران کہا کہ ’ وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے فیلڈ سکیورٹی پر توجہ مرکوز کی ہے جس سے ہر قسم کے سکیورٹی معاملات مناسب اقدامات کے ساتھ تیز ردعمل اور نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اس منصوبے میں ’جرائم کے انسداد کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا، جیب تراشی سے نمٹنا اور کسی بھی منفی مظاہر سے جو عازمینِ حج کی سلامتی اور حفاظت کو متاثر کرتا ہے‘ شامل ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ مسجد الحرام اور دیگر مقدس مقامات پر عازمین کو محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں جس کے تحت مکہ کے داخلی راستوں، مقدس مقامات اور ان کی طرف جانے والی سڑکوں پر سکیورٹی کنٹرول سینٹر ٹریفک کو کنٹرول کریں گے‘۔