Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج سیزن کے دوران سیکیورٹی اور فوجی حکام کی کوششیں قابل تعریف: سعودی وزیر داخلہ

وزیر داخلہ کو حج سکیورٹی پلان کے نتائج کے بارے میں رپورٹ پیش کی گئی( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے رواں برس حج سیزن کے دوران سیکورٹی اور فوجی حکام کی کوششوں کو سراہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مکہ میں حج سکیورٹی کمیٹی اور حج سکیورٹی فورسز کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے دوران شہزادہ عبدالعزیز نے کہا کہ ’ سکیورٹی پلان کے نافذ کردہ مراحل کامیاب رہے ہیں اور عازمین حج کو مکہ پہنچنے تک کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے۔
انہوں نے وزارت کے سیکورٹی حکام اور وزارت نیشنل گارڈ، وزارت دفاع، جنرل انٹیلی جنس پریذیڈنسی اور پریزیڈنسی آف سٹیٹ سیکورٹی کے فوجی حکام کی کوششوں کی تعریف کی۔
شہزادہ عبدالعزیز نے کہا کہ سکیورٹی کی کوششیں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک عازمینِ حج  آسانی اور سکون کے ساتھ اپنی رسومات ادا کرنے کے بعد اپنے وطن واپس نہیں چلے جاتے ہیں۔
پبلک سکیورٹی کے ڈائریکٹر اور حج سکیورٹی کمیٹی کے سربراہ جنرل محمد البسامی نے حج سکیورٹی پلان کے نتائج کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ اس حج سیزن میں شرکت کرنے والے تمام سکیورٹی اور عسکری حکام سکیورٹی پلان کے بقیہ مراحل پر عمل درآمد کے لیے تیار ہیں، اس طرح عازمینِ حج کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشنز کا بھی معائنہ کیا ( فوٹو: ایس پی اے)

شہزادہ عبدالعزیز نے منیٰ میں پبلک سکیورٹی ہیڈ کوارٹر میں حج کے لیے سکیورٹی اینڈ کنٹرول کمانڈ سینٹر میں کام پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
انہوں نے مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشنز کا بھی معائنہ کیا جو سعودی ڈیٹا اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی کے تعاون سے تیار کی گئی ہیں جس کا مقصد  مقدس مقامات، مسجد الحرام اور جمرات برج پر ہجوم کے دوران حج سکیورٹی فورسز کی مدد کرنا ہے۔

شیئر: