حج 2023 : حجاج آج تیسرے دن کی رمی بعد مکہ روانہ ہو جائیں گے
جمعہ 30 جون 2023 7:52
ارسلان ہاشمی -اردو نیوز،منیٰ
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ حجاج گرمی سے بچاو کا خاص اہتمام کریں(فوٹو، اردونیوز)
حجاج کرام آج 12 ذوالحجہ کو بھی تینوں شیطانوں کوکنکریاں ماریں گے جس کے ساتھ ہی مناسک حج مکمل کرنے کے بعد حجاج مکہ مکرمہ پہنچ جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق حج 1444 ہجری بمطابق 2023 دنیا بھر سے آنے والے فرزندان اسلام فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے اس وقت منی کی عارضی خیمہ بستی میں موجود ہیں جہاں وہ تیسرے دن تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے۔
رمی کا سلسلہ شام تک جاری رہے گا۔ وہ حجاج جو 13 ذوالحجہ کو بھی منی میں قیام کرنا چاہیں وہ چوتھے دن کی رمی کے بعد مکہ جائیں گے۔
وزارت حج کی جانب سے حجاج کو رمی کے لیے مختلف گروپس کی صورت میں جمرات جانے کی ہدایت کی جاتی ہے تاکہ منظم انداز میں بغیرکسی مشکل صورتحال کا سامنا کرتے ہوئے حجاج رمی مکمل کرسکیں۔
وادی منی میں موسم کی صورتحال کے پیش نظر قومی مرکز موسمیات کی جانب سے حجاج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رمی کے لیے جاتے وقت چھتری کا استعمال لازمی طورپرکریں تاکہ لو لگنے کے خطرے سے محفوظ رہا جاسکے۔
خیال رہے ان دنوں مکہ مکرمہ اورمشاعر مقدسہ میں شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ مکہ مکرمہ اور منی میں درجہ حرارت 45 ڈگری ریکارڈ کیا گیاہے۔