Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد کی جانب سے حج پر آنے والے مسلم رہنماؤں کے اعزاز میں استقبالیہ

تقریب میں سعودی وزرا اور عہدیدار بھی موجود تھے۔ (فوٹو ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے جمعرات کو منٰی پیلس میں اس سال حج پر آنے والے مسلم رہنماؤں اور اعلی عہدیداروں اور مذہبی شخصیات کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق تقریب کے آغاز سے قبل سعودی  ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے حج پر آنے والے ملائیشیا کے شاہ، پاکستان کے صدر عارف علوی، بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین، جمہوریہ سینیگال اور مالدیپ کے صدور سے مصافحہ کیا۔ اس موقع پر دیگر ممالک کے اعلی عہدیدار اور ارکان پارلیمنٹ و سپیکر نے تقریب میں شرکت کی اور ولی عہد سے مصافحہ کیا۔
باقاعدہ تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے  ہوا جس کے بعد ولی عہد نے اپنے خطاب میں  کہا کہ ’میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے حج پر آنے والے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں اور حج و عید الاضحی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں‘۔


تقریب میں پاکستان، بنگلہ دیش کے صدور بھی تھے۔ (فوٹو ایس پی اے)

سعودی ولی عہد نے کہا کہ ’مملکت سعودی عرب اپنے قیام کے روز اول سے لے کر آج تک حرمین شریفین کے مہمانوں کی خدمت اور دیکھ بھال کو اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہے اور حرمین شریفین کے مہمانوں کے آرام و راحت کے لیے اپنی تمام کوششیں بروئے کار لاتا ہے اور آئندہ بھی لاتا رہے گا‘۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ’ہم اللہ تعالی سے دعا گو ہیں کہ وہ امت اسلامیہ میں اتحاد قائم  رکھے اور ہم حرمین شریفین اور یہاں آنے والوں کی خدمت اسی طرح کرتے رہیں۔ حج پر آنے والے مہمان ان مبارک ایام میں بھرپور عبادت کریں اور بحفاظت اپنے گھروں کو واپس ہوں‘۔
اس موقع پر وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ  اور دیگر اعلی عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سعودی وزرا  اور اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔
 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: