حج کے بعد زیورات کی خریداری حجاج میں مقبول ترین ہے
حج کے بعد زیورات کی خریداری حجاج میں مقبول ترین ہے
پیر 3 جولائی 2023 19:35
زیورات خریدنے کی خاص وجہ یہ ہے کہ اس مقدس سرزمین کے سفر کی یاد دلاتا رہے۔ فوٹو ٹوئٹر
دنیا بھر سے حج کے لیے آنے والے سعودی عرب سے واپسی پر اپنے پیاروں کے لیے تحائف میں متبرک اشیاء کے ساتھ ساتھ سونے کے زیورات کی خریداری میں بھی بہت زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عظیم ترین مساجد کے قریب سونے کی کئی دکانوں کے ساتھ ساتھ جدہ میں سونے کی دکانیں بھی نت نئے ڈیزائن کے نکلس، انگوٹھیاں، کنگن، چوڑیاں اور بالیوں کے علاوہ منفرد نوعیت کے زیورات سے سجی ہوئی ہیں۔
زیورات کی دکانوں کی مخصوص، منفرد اور چمکتی ہوئی سجاوٹ حاجیوں کو قیمتی دھات کی خریداری کے لیے اپنی جانب راغب کر رہی ہے۔
انڈیا سے آئے ہوئے حاجی محمد نعمان جو سونا خریدنے کے لیے مکہ سے جدہ آئے ہیں انہوں نے بتایا کہ یہاں کے بنے ہوئے زیورات کے ڈیزائن منفرد ہیں اور ان زیورات میں استعمال کیا گیا سونا بالکل خالص ہے جو عام طور پر ہمیں کہیں اور نہیں ملتا اور قیمت بھی مناسب لگتی ہے۔
جدہ میں سونے کا کاروبار کرنے والے حفیظ خان کا کہنا ہے کہ سونے سے بنے زیورات خریدنا حجاج کی منفرد روایت ہے اور یہی وجہ ہے کہ سونے کی قیمتوں میں حالیہ تبدیلیوں نے ان کے کاروبار کو زیادہ متاثر نہیں کیا۔
سونے کے تاجر نے بتایا کہ زیادہ تر ایشیائی حاجیوں کے لیے سونا خریدنا سرمایہ کاری کے طور پر سمجھا جاتا ہے، ہمارے پاس معیاری زیورات ہیں اور امید ہے کہ اس سال زیورات کی فروخت میں اضافہ ہو گا۔
سونے کے ایک اور تاجر عبداللہ البر جو تقریباً 12 برس سے مکہ مکرمہ میں زیورات کی دکان بنائے ہوئے ہیں ان کا کہنا ہے کہ موسم حج میں ہمارے ہاں عام طور پر فروخت زیادہ ہوتی ہے، حج کے دنوں میں ہم گاہکوں کے لیے خصوصی رعایتیں پیش کرتے ہیں۔
عبداللہ البر نے بتایا کہ حج کے دنوں میں تین سے پانچ گرام وزنی مختلف نوعیت کے زیورات کی فروخت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔
تاجروں کے مطابق 21 قیراط سونے کا فی گرام 216 ریال اور 22 قیراط سونے کے نرخ 227 ریال فی گرام ہیں اور زیادہ امکان ہے کہ حج موسم کے دوران نرخ تقریبا یہی رہیں گے۔
پاکستانی حاجی فرخ علی جو پہلی بار اپنی بیوی اور بیٹیوں کے ہمراہ حج پر آئے ہیں انہوں نے بتایا کہ میں نے سونے کے تین سیٹ خریدے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ سعودی عرب میں فروخت ہونے والا سونا خالص ہے اس میں کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں جاتی اور یہ وزن اور بناوٹ کی درست تفصیلات کے ساتھ فروخت ہوتا ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ مقدس مقام سے خریدا گیا ہے۔
حاجی فرخ علی نے مزید کہا کہ زیورات خریدنا ضروری نہیں تھا لیکن خواہش تھی کہ میرا یہ یادگار سفر کچھ اور خاص ہو جائے اور آئندہ برسوں تک اس مقدس سرزمین کی یاد دلاتا رہے۔
علاوہ ازیں حجاج کے لیے دیگر مقبول تحائف کی خریداری میں خشک میوہ جات، مٹھائیاں، مختلف نوعیت کے کھلونے، جائے نماز اور تسبیحات کے علاوہ کئی اقسام کی کھجوریں اور آب زم زم کے آرائشی سیٹ شامل ہیں۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں