سعودی سٹوڈیو پروڈکشن ٹریننگ پروگرام کےلیے درخواستیں طلب
سعودی سٹوڈیو پروڈکشن ٹریننگ پروگرام کےلیے درخواستیں طلب
پیر 3 جولائی 2023 22:05
یہ انیشیٹو مملکت میں فلم انڈسٹری کو تبدیل کرنے کے لیے بنایا گیا (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے سٹوڈیو پروڈکشن ٹریننگ نے حال ہی میں اپنے ’دی سٹوڈیو‘ انیشیٹو کے حصے کے طور پر اپنے انتہائی متوقع تربیتی پروگرام کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ثقافتی ترقیاتی فنڈ کے تعاون سے اس انیشیٹو کا مقصد سعودی عرب میں انتہائی ہنر مند صلاحیتوں کی نئی نسل کو پروان چڑھانا ہے۔ یہ پورے پروڈکشن کے عمل میں فلم سازوں کے لیے جامع مدد فراہم کرے گا۔
سٹوڈیو پروڈکشن ٹریننگ کا مقصد فلم سازوں کے لیے تربیت، رہنمائی، پروڈکشن کے وسائل اور انڈسٹری نیٹ ورکس تک رسائی فراہم کرکے ایک ون سٹاپ شاپ بننا ہے۔
یہ انیشیٹو 16 مواقع پر مشتمل ہو گا اور 200 سے زیادہ پیشہ ور افراد اور بی ٹی ایل ٹیلنٹ کو ٹاپ فلمی پروفیشنلز سے تربیت حاصل کرنے کا خیر مقدم کرے گا۔
سٹوڈیو پروڈکشن ٹریننگ کے سی ای او ھاجرالنعیم نے کہا کہ یہ انیشیٹو مملکت میں فلم انڈسٹری کو تبدیل کرنے کے لیے بنایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’ سٹوڈیو صرف ایک تربیتی پروگرام نہیں ہے بلکہ یہ سعودی عرب میں فلم سازی کے منظر نامے کو تبدیل کرنے کے ہمارے مشن کا سنگ بنیاد ہے۔ سعودی کلچرل ڈیولپمنٹ فنڈ کے تعاون سے ہم انتہائی ہنر مند پیشہ ور افراد تیار کرنا چاہتے ہیں جو سعودی عرب میں ایک متحرک اور عالمی سطح پر مسابقتی فلم سازی کے ماحولیاتی نظام کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گے‘۔
خواہشمند فلم سازوں کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں جو بی ٹی ایل کرداروں جیسے سینماٹوگرافی، پروڈکشن ڈیزائن، ساؤنڈ ڈیزائن اور پوسٹ پروڈکشن میں مہارت حاصل کرنے کے لیے ضروری مہارتیں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
ھاجر النعیم نے کہا کہ ’ ہم تمام خواہشمند فلم سازوں اور پروڈکشن کے شوقین افراد سے اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کر رہے ہیں۔ہمارا عزم انہیں سعودی عرب کی فلم سازی کے منظر نامے کو بلند کرنے کے لیے ضروری مہارتوں، علم اور مواقع سے آراستہ کرنا ہے‘۔
سٹوڈیو پروڈکشن ٹریننگ کے سی ای او نے مزید کہا کہ ’ آپ کی تخلیقی صلاحیتیں اور ہماری تربیت مل کر مملکت میں فلم سازی کا اگلا باب لکھنے میں مدد کرے گی‘۔
سٹوڈیو پروڈکشن ٹریننگ اس وقت مختلف اداروں، سٹریمنگ پلیٹ فارمز اور پروڈکشن کمپنیوں کے ساتھ شراکت دار ہے جس میں نیٹ فلکس، تلفاز11 اور یو ایس سی سکول سکول آف سنیمیٹک آرٹس شامل ہیں۔