Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یورپی یونین میں پناہ کے لیے دی جانے والی درخواستوں میں ریکارڈ اضافہ

پناہ کے لیے دی گئی حالیہ درخواستوں میں سے 39 فیصد منظور کی گئیں (فوٹو: اے ایف پی)
سنہ 2022 میں یورپی یونین میں پناہ کے لیے دی جانے والی درخواستوں کی تعداد نو لاکھ 96 ہزار رہی جو گذشتہ چھ برسوں کے دوران سب سے بڑی تعداد ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یورپین یونین ایجنسی فار اسائلم (ای یو اے اے) نے منگل کو رپورٹ شائع کی جس میں کہا گیا کہ پناہ کے لیے سب سے زیادہ درخواستیں شام، افغانستان، ترکیہ، وینزویلا اور کولبمیا سے موصول ہوئیں۔
جنگ کے بعد یوکرین سے ہجرت کرنے والے لوگوں کو علیحدہ شمار کیا گیا جن کی تعداد 40 لاکھ ہے اور وہ یورپ کے مختلف ممالک میں خصوصی عارضی حفاظتی سٹیٹس کے تحت رہ رہے ہیں۔
ای یو اے اے کے مطابق ’اگر اس تعداد کو اکٹھا کیا جائے تو کئی ممالک میں استقبالیہ کیمپس پر کافی دباؤ ہے۔‘
اٹلی، پولینڈ اور سویڈن بے قاعدہ ہجرت پر سخت موقف اختیار کر رہے ہیں۔
یورپی یونین میں بے قاعدہ ہجرت 2015 اور 2016 میں دیکھنے میں آئی جب 25 لاکھ پناہ گزین وہاں پہنچے جن میں زیادہ تعداد شامی باشندوں کی تھی۔
یہ رپورٹ ایسے وقت پر شائع کی گئی ہے جب یورپی یونین پناہ اور ہجرت کے حوالے اصلاحات پر بات کر رہی ہے۔
ای یو اے اے کے مطابق اس وقت جرمنی، اٹلی، آسٹریا، سپین اور فرانس پناہ کی درخواستیں وصول کرنے والے مرکزی ممالک ہیں۔
ان اصلاحات کے تحت پناہ گزینوں کو یونین کے تمام ممالک میں بھیجنے، ان درخواستوں کو جلد از جلد نمٹانے اور رد کیے جانے والے پناہ گزینوں کو ان کے ملک واپس بھیجنے پر بات ہو رہی ہے۔
پناہ کے لیے دی گئی حالیہ درخواستوں میں سے 39 فیصد منظور کی گئیں۔ مجموعی طور پر درخواستیں دینے والوں میں 71 فیصد مرد تھے۔

شیئر: